آرمی چیف کی شمالی وزیرستان آمد، شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات

راولپنڈی: (سنہرادور آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان اور کرک کے دورے کئے۔ کرک میں جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے 3 شہید بھائیوں کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ آرمی چیف نے شہداء کی قربانی اور ان کے اہلخانہ کے جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق محمد علی خان کے 3 بیٹے لانس نائیک خورشید، نائب صوبیدار عمردراز اور حوالدار شیردراز مختلف آپریشنز میں شہید ہو چکے ہیں۔ محمد علی خان کے 8 بیٹوں میں سے 3 بیٹے اس وقت بھی ایف سی اور پاک فوج میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ محمد علی خان کے 2 بھتیجے بھی وطن کی خاطر جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔

جنرل باجوہ سے بات کرتے ہوئے شہید بیٹوں کے والد محمد علی خان بولے، اللہ پاک پاکستان کو ترقی عطاء فرمائے، ہمارے بچے پاکستان کی سرزمین پر قربان، 3 زندہ ہیں، 3 چلے گئے۔ ہمارا خون پاکستان کے لئے ہے، میں خفاء نہیں ہوں، تیار ہوں، جو لوگ یہاں آئے، سب کا شکریہ، ہمارے جو بچے زندہ ہیں، انہیں بھی شہادت نصیب ہو۔

آرمی چیف نے شمالی وزیرستان کا بھی دورہ کیا اور پاک افغان سرحد پر قلعوں کی تعمیر اور باڑ لگانے کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میرانشاہ میں یادگار شہداء پر بھی پھول چڑھائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں