آسٹریلین اوپن: نوواک ڈوکووچ نے ساتویں مرتبہ ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کردی

میلبورن:عالمی نمبر ون سربین اسٹار نوواک ڈوکووچ نے ساتویں مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹینس مینز سنگل ٹائٹل جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں رافیل نڈال کو شکست دے کر کیریئر کا 15واں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی ڈوکووچ زیادہ گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے پیٹ سمپراس کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا جنہوں نے 14 گرینڈ سلام ٹائٹلز جیت رکھے تھے، زیادہ گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے کا عالمی اعزاز راجر فیڈرر کو حاصل ہے جنہوں نے 20 ٹائٹلز اپنے نام کر رکھے ہیں۔ نڈال 17 ٹائٹلز جیت کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا میں منعقدہ سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سلسلے میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں ڈوکووچ نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپینش کھلاڑی نڈال کو 6-3، 6-2 اور 6-3 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔دوسری جانب پائری ہیوز ہربرٹ اور نیکولاس ماہوت پر مشتمل فرانسیسی جوڑی نے سال کا پہلا گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن مینز ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ فرانسیسی جوڑی چاروں گرینڈ سلام ڈبلز ٹائٹلز جیتنے والی دنیا کی آٹھویں ٹیم بن گئی، ہربرٹ اور نیکولاس نے مینز ڈبلز فائنل میں کونٹی نن اور جان پیئرز کی جوڑی کو شکست دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں