اسلام آباد: 41ویں سالانہ میلاد النبیﷺ کانفرنس 5دسمبر کو ہوگی

انٹر نیشنل امام حسین کونسل
41ویں سالانہ میلاد النبیﷺ کانفرنس 5دسمبر کو ہوگی،انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

سرکار ی سطح میلاد النبیﷺ کانفرنس کی تاریخ تبدیل کرنے پر دینی جماعتوں کی طرف سے وزیر اعظم کا شکریہ

اسلام آباد۔۔۔۔مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام آنحضور نبی اکرمﷺ کے جشن ولادت اور اتحاد امن کے عظیم مقصد کے لئے 41ویں عالمی سالانہ بین المذاہب میلاد النبیﷺ کانفرنس 5دسمبر بروز منگل 2:30بجے سہ پہر پرل کانٹینیٹل ہوٹل،راولپنڈی میں ہوگی جس میں ملک بھر سے علما ء و مشائخ اور دیگر ادیان کے سکالرز شرکت کریں گے۔آج مرکزی امام حسین کونسل کی مجلس عاملہ کا اجلاس ڈاکٹر غضنفر مہدی،چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں عالمی کانفرنس کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ایسی کانفرنسیں اورسیمینارکراچی، ملتان، لاہور،کوئٹہ، پشاور، سکردو، گلگت، جھنگ، فیصل آباد، گوادر، خیر پور میرس، حیدر آباداور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونگی۔
مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے وزیر اعظم پاکستان جناب شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ مسلمانان پاکستان کی سہولت کے لئے سرکاری سطح پر منائی جانے والی عید میلاد النبی ﷺکانفرنس کی تاریخ یکم دسمبر سے تبدیل کر کے 2دسمبر کو رکھی ہے اس امر کا مطالبہ مرکزی امام حسین کونسل اور مشائخ کی دیگر تنظیموں نے کیا تھا کہ 12ربیع الاول کی صبح تمام مکاتب فکر کی اکثریت عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں میں شرکت کرتی ہے جو ظہر تک جاری رہتے ہیں جس کے بعد صوفیاء کرام کے آستانوں پر محافل میلاد ہوتی ہیں جس کی وجہ سے لوگ سرکاری سطح پر کی جانے والی میلاد النبی ﷺ کانفرنس میں شرکت نہیں کرسکتے۔وزیر اعظم پاکستان اور وزارت مذہبی امور نے عید میلاد النبی ﷺ کانفرنس کی تاریخ تبدیل کر دی اس سے ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی رونقوں میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ روایت ہمیشہ برقرارہنی چاہئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں