افغانستان سی پیک سے فائدہ اٹھائے‘ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: افغانستان میں سہ فریقی مذاکرات کے بعد میڈیا بریفنگ کرتے ہوئے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک افغانستان کو سی پیک سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں داعش سمیت دوسرے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے جس کے لیے مل کر ہی اس عفریت کو شکست دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک جیسے مواقع کئی دہائیوں میں ایک بار ملتے ہیں لہٰذا افغانستان کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ میں یہاں علاقائی روابط بڑھانے کے لیے آیا ہوں۔ ہمیں باہمی تجارت کو بڑھانا ہوگا، افغانستان میں حالات میں بہتری سے سب سے زیادہ پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ پاکستان مختلف افغان گروپوں کو قریب لانے میں تعاون کرے گا تاہم حتمی فیصلہ افغانستان نے کرنا ہے کہ وہ کس طرح امن چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو قریب لانے میں چین کے کردار کو سراہتے ہیں۔ بہت اچھے مذاکرات ہوئے ہم مستقبل کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں عوام کے درمیان فاصلے ختم کرنے اور اعتماد میں کمی کے خاتمے کے لیے آیا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں