اقوام متحدہ گلوبل کمپیکٹ تنازع ، بیلجیئم حکومت ٹوٹ گئی

اقوام متحدہ کے گلوبل کمپیکٹ آن مائیگریشن پر دستخط کرنے کے تنازعے پر بیلجیئم کی حکومت ٹوٹ گئی ۔

وزیراعظم چارلس مشل کی حکومت کا اختتام اتوار کی شام اس وقت ہوا جب ان کی اتحادی فلامش قوم پرست جماعت این وی اے نے اپنی حمایت واپس لیتے ہوئے حکومت سے علیحدگی اختیار کر لی ۔

این وی اے کا مؤقف تھا کہ بیلجیئم اقوام متحدہ کے ممبرممالک کی جانب سے تارکین وطن کی زندگیوں کے تحفظ اور ان کے انسانی حقوق کا خیال رکھنے کیلئے بنائے گئے معاہدے پر دستخط نہ کرے ۔ جسے 18 ماہ کے طویل بین الاقوامی مذاکرات کے بعد اس سال 13 جولائی کو پاس کیا گیا تھا۔

گزشتہ سے پیوستہ جمعرات کو جب حکومت نے اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں پیش کیا تو این وی اے کے علاوہ تمام جماعتوں نے دستخط کرنے کے حق میں ووٹ دیا تھا ۔ جس کے بعد حکومت پر عملدرآمد لازمی ہوگیا ۔

اس حوالے سے ہفتے کے روز وزیراعظم نے اتحادی کا بینہ کا خصوصی اجلاس بلایا تھا جہاں این وے اے نے حکومت سے اپنی حمایت واپس لیکر حکومت سے علیحدگی اختیار کر لی اور اتوار کے روز انہوں نے استعفے وزیراعظم کو پہنچا دئیے ۔

اہم بات یہ ہے کہ اکثریت نہ ہونے کے باوجود موجودہ وزیراعظم ہی آئندہ سال نئے انتخابات کے انعقاد تک نظام حکومت چلائیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں