انڈر 19 ورلڈ کپ سیمی فائنل: پاکستان کو عبرت ناک شکست، بھارت فائنل میں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے شبمن گل کی شاندار سنچری کی مدد سے پاکستان کو انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے سیمی فائنل میں یک طرفہ مقابلے کے بعد 203 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تمام بلے بازوں نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ شبمن گل نے 94 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 272 رنز تک پہنچایا۔بھارت کی جانب سے دیگر نمایا کھلاڑیوں میں کپتان پرتھیوی شا نے 41، منجوت کلرا نے 47 اور انوکل رائے نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے محمد موسیٰ نے 67 رنز دے کر 4 اور ارشد اقبال نے 51 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایونٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین باؤلر شاہین آفریدی سیمی فائنل میں ناکام ہوگئے اور 62 رنز کے عوض صرف ایک ہی بھارتی وکٹ حاصل کرسکے۔بھارت 273 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور تین کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگرز میں نہیں جاسکا۔وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے سب سے زیادہ 18 رنز اسکور کیے جبکہ دیگر نمایا کھلاڑیوں میں سعد خان نے 15,

اور محمد موسیٰ نے 11 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی پوری ٹیم صرف 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور بھارت 203 رنز کی فتح کے ساتھ چھٹی مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔بھارت کی جانب سے اشان پوریل نے تباہ کن گیند بازی کرتے ہوئے 17 رنز دے کر 4 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شوا سنگھ اور ریان پراگ نے دو دو اور ابھشیک شرما اور انوکل رائے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت دونوں ہی تین,

تین مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر پر سجا چکی ہیں۔یاد رہے کہ انڈر 19 ورلڈ کپ 2018 میں پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں افغانستان کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں