اوبرکے کرائے نے مسافرکے ہوش اڑا دیے

ٹورنٹو:آن لائن ٹیکسی سروس والے بعض اوقات کرایے کی مد میں کسی کو بھی پاگل بنا سکتے ہیں۔ پیک آورز میں تو سو دوسو زائد کرایہ معمول کی بات ہے لیکن کینیڈا میں تو اوبر نے بیچارے مسافر کے ہوش ہی اڑا دیے۔

ٹورنٹو میں ڈمراسٹریٹ سے کوئنزوے تک تقریبا 8 کلومیٹرکا سفرطے کرنے والے مسافر سے اوبرنے کرائے کی مد میں 18 ہزار 518 ڈالرز(پاکستانی روپوں میں تقریبا 20 لاکھ روپے) وصول کر لیے۔ 21 منٹ کے اس سفرکا کرایہ عموما 12 سے 16 ڈالرز تک بنتا ہے۔

مسافر کوئی شریف النفس انسان تھا جس نے یہ نہ سمجھ میں آنے والی ادائیگی کر بھی دی لیکن بعد ازاں اس کی ایک قریبی دوست نے اوبر ٹیکسی سروس کے دیے گئے بل کا اسکرین شاٹ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹڑ پر شیئر کیا اور یہ سوال اٹھایا کہ یہ سب کیا ہے۔

ردعمل سامنے آنے پر اوبر نے بھی پھرتی دکھائی اور غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مسافر سے معافی مانگ کر اسے مکمل ادائیگی کردی گئی ہے۔

متاثرہ شخص نے بھی ٹوئٹر پر رقم واپس ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں