آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں موسم کی صرتحال

ملکہ کوہسار مری اور گرد و نواح سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے، جبکہ بلوچستان اور سندھ کے بیشتر شہروں میں موسم سرد اور خشک ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ برف سے ڈھکے بلندوبالا پہاڑی علاقوں پر آج بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے، گلگت بلتستان کے ضلع استور اور دیامر میں موسم ابرآلود ہے۔

مالا کنڈ، سوات اورجنوبی وزیرستان سمیت خیبرپختون خوا کے بالائی علاقوں میں بھی بادل چھائے ہوئے ہیں، آزادکشمیر کے بالائی علاقوں میں موسم ابرآلود ہونے کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

مری اور گردونواح میں گہرے بادلوں کا راج ہے، سردی میں اضافے کے ساتھ لوگوں نے گرم مشروبات سوپ، یخنی، چائے، گرم دوددھ کا استعمال بڑھا دیا ہے۔

بلوچستان میں چمن، زیارت، کان مہتر زئی، کوژک ٹاپ اور توبہ اچکزئی میں موسم شدید سرد ہے اور ہلکے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

گوجرانولہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں چند مقامات پر صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سب سےزیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں درجۂ حرارت منفی 10ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

استور اور گوپس میں درجہ حرارت منفی 5، گلگت میں منفی 4، میرکھانی، کالام، ہنزہ میں منفی 3 اور بگروٹ میں درجۂ حرارت منفی 2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت 4ڈگری سینٹی گریڈ، کراچی میں 16، لاہور میں 9، پشاور میں 5، کوئٹہ میں منفی ایک، مظفر آباد میں 4، فیصل آباد میں 9، ملتان میں 11 اور حیدر آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں