’’آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈگری ملنا اعزاز ہے‘‘

جنوبی ایشیاء میں موسیقی کی پہچان ، معروف گلوکار راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی سے اعزازی ڈگری ملنا اعزاز کی بات ہے۔

’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان میں گفتگو کرتےہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی اعزازی ڈگری ملنا پاکستان اور میرے خاندان کے لیے باعث افتخارہے۔

واضح رہے کہ معروف برطانوی تعلیمی ادارے آکسفورڈ یونیورسٹی نے رواں سال 8 افراد کو اعزازی ڈگری دینے کا اعلان کیا ہے جن میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان بھی شامل ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے راحت فتح علی خان کا تعارف ’صوفیانہ موسیقی قوالی کے پاکستانی گلوکار کے طور پر کیا گیا ہے‘۔

راحت فتح علی خان نے اس گھرانے میں آنکھ کھولی جو جنوبی ایشیائی روایتی موسیقی کی پہچان سمجھا جاتا ہے، 7 سال کی عمر میں ان کی باقاعدہ تربیت کا آغاز ہو گیا تھا ، اب تک ان کے 50 سے زائد البم ریلیز ہوچکے ہیں، یہی نہیں وہ دنیا بھر میں مختلف بڑے کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور انہیں عالمی شہرت حاصل ہے جبکہ وہ آن لائن ایک ارب ویوز حاصل کرچکے ہیں۔

راحت فتح علی خان ٹیلی ویژن سیریلز کے 50 سے زائد ٹائٹل ٹریک اور 100 سے زائد فلموں کے گیت گا چکے ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری دینے کی تقریب اس سال 26 جون کو منعقد ہوگی، اس سے قبل 2016ء میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے راحت فتح علی خان کی قوالیوں اور کلاسیکل موسیقی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں