اٹک شہر کی چیدہ چیدہ خبریں ، رپورٹنگ سنہرادور میڈیا ٹیم (31 مارچ 2019)

اٹک (سنہرا دور) ڈاکٹر عبدالقدیر خان160(اے کیو خان) سکول سسٹم اٹک کیمپس میں تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نمبر 2 پنجاب یاور بخاری تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں کرنل سلطان محمود خان اور وائس چیئرمین بلدیہ اٹک ملک طاہر اعوان تھے تقریب میں بچوں نے ملی نغموں پرخوبصورت ٹیبلو ، مزاحیہ و علمی خاکے اور مختلف موضوعات پر پرمغز تقاریر پیش کیں 160 مہمانان خصوصی اور تمام ناظرین و سامعین نے بچوں کی کارکردگی کی دل کھول کر داد دی تقریب میں مختلف گریڈز کے بچوں کو تعلیمی سرگرمیوں میں اعلیٰ پوزیشنز حاصل کرنے پر انعامات سے نوازا گیا چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نمبر 2 پنجاب یاور بخاری نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام اساتذہ اور سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سکول کواٹک اور اس کے گردو نواح کے عوام کیلئے ایک بیش قیمت اثاثہ قرار دیا اور یقین دلایا کہ وہ حکومت کے تعلیم کیلئے ترجیحی ایجنڈے کے مطابق اے کیو خان سکول کی تعلیمی کاوشوں کی بھرپور حمایت و مدد جاری رکھیں گے کرنل سلطان محمود خان نے اپنے خطاب میں بچوں کی کارکردگی کو اساتذہ اور سکول انتظامیہ کی انتھک محنت کا نتیجہ قرار دیا وائس چیئرمین بلدیہ ملک طاہر اعوان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر اے کیو خان سکول سسٹم اٹک کیمپس کے ہونہار طالبعلم اپنے ادارے کے بانی اور محسن پاکستان کی طرح اپنی بہترین کارکردگی سے علاقے اور وطن کا نام بین الاقوامی سطح پر بھی روشن کریں گے پرنسپل مسز الطاف نے اپنے خطاب میں والدین اور شرکاء تقریب کو یقین دلایا کہ اس ادارے میں بچے محفوظ ہاتھوں میں پروان چڑھتے ہیں یہاں بچوں کو دین اور دنیا کے علوم سے بہرہ مند کرنے کے ساتھ ساتھ اچھا اور مفید انسان بننے کی تربیت دی جاتی ہے ۔ 


اٹک (سنہرا دور) سالانہ عرس و میلہ حضرت بالا پیر سرکار ؒ ؒ آف بولیانوال کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی رکن پنجاب اسمبلی سید یاور عباس بخاری ہونگے جبکہ عرس ومیلہ کی انتظامی کمیٹی 4درجن معززین پر مشتمل ہو گی ،عرس ومیلہ کے افتتاحی روز مورخہ 5اپریل بروز جمعتہ المبارک صبح9بجے مزار کادرباری غسل اور اور مزار کی چادر پوشی کی جائے گی،جس کے بعد شام4بجے عرس ومیلہ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب ہو گی ،یہ سالانہ عرس و میلہ حسب سابق پورا ہفتہ7دن جاری رہنے کے بعد مورخہ12اپریل بروز جمعتہ المبارک کو اختتام پذیر ہو گا ،سالانہ عرس ومیلہ میں حسب سابق بیلوں کی دوڑ اورکرکٹ ٹورنامنٹ کے علاوہ مونگلی اور پتھر اٹھانے کا انعامی مقابلہ بھی ہو گا جبکہ عرس ومیلہ کے دوران صفدر جاوید غنچہ اور فیصل آباد کے معروف قوال کے علاوہ یاسر اقبال اور ابرار قوال بھی عرس کی محفل کو گرم رکھیں گے تاہم میلہ کی حدود میں کسی قسم کے اسلحہ کی نمائش ا ور منشیات کے استعمال کے علاوہ دیگر غیر قانونی حرکات کے مرتکب افراد کے خلاف ہر قسم کی قانونی و تادیبی کاروائی کیلئے اٹک پولیس موجود ہو گی جبکہ سالانہ عرس ومیلہ میں ضلعی انتظامیہ اور اٹک پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے جائیں گے ،ڈالیاں چڑھانیاور رسمِ گھڑولی بھی ہو گی جس میں معززین علاقہ کثیر تعداد میں شرکت کریں گے ، بولیانوال کے سالانہ عرس و میلہ کے سابقہ گدی نشین سید بہادر شاہ مرحوم کے بیٹوں سید پرویز اکبر شاہ ،سید جاوید اکبر شاہ ،سید خورشید اکبر شاہ اور سید فردوس اکبر شاہ کی جانب سے سالانہ عرس و میلہ کے اشتہارات شائع ہو چکے ہیں ۔ 


اٹک (سنہرا دور) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہارون کا سالانہ نتیجہ 100% رہا تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہارون تحصیل حضرو میں زیر تعلیم جماعت پنچم اور ہشتم کی تمام طالبات کامیاب ہوگی پانچویں جماعت کی طلبہ سلوہ نے 500نمبر وں میں سے437نمبر حاصل کر کے اول پوزیشن حاصل کی ۔ جماعت ہشتم کی طلبہ اسماء نے 500نمبروں میں سے 421حاصل کر کے اول پوزیشن حاصل کی طالبات کے اس کامیابی پر سکول ہیڈ مسز اور استاتذہ کی محنت کا ثمر قرار دیا ۔ طالبات کے والدین نے شاندار رزلٹ ہونے پر ہیڈ مسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ 


اٹک (سنہرا دور) موبائل کے ساتھ مصروف 23 سالہ نوجوان ٹرین کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ، لاش ہسپتال منتقل ، تفصیلات کے مطابق 23 سالہ امجد ہزارہ روڈ پر موجود پھاٹک بند ہونے کے سبب موٹر سائیکل سائیڈ پر کھڑی کرنے کے بعد پھاٹک کھلنے کے انتظار میں کھڑا موبائل فون میں ہینڈز فری لگا کر مصروف ہو گیا اور اسے پتہ بھی نہ چلا کہ وہ ٹرین کے بالکل قریب ہو چکا ہے کانوں میں ہینڈز فری لگے ہونے کے سبب اسے ٹرین کے ہارن کی آواز تک نہ سنائی دی اور ٹرین نے اسے ٹکر ماری جو نوجوان کے سر میں لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ فوراً موقع پر پہنچ گیا اور لاش تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حسن ابدال منتقل کر دی گئی ۔ 


اٹک (سنہرا دور) عمر رسیدہ خاتون موٹر سائیکل کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ، موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ، تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل سوار ارسلان محمود ولد سوار حسین سکنہ نزد 3 میلہ نے اسلم مروت ہسپتال کے سامنے پیدل جاتی 70 سالہ سنہرا بی بی زوجہ غلام فرید سکنہ لالہ زار کالونی لین نمبر 2 اٹک شہر کو ٹکر ماری حادثہ کے نتیجہ میں خاتون اور نوجوان شدید زخمی ہو گئے اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کیا جہاں پہنچ کر عمر رسیدہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی اور نواجوان کو شدید زخمی حالت میں راولپنڈی ہسپتال ریفر کر دیا گیا ۔ 


اٹک (سنہرا دور) آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی نے گریڈ 18 کے پولیس گروپ آف پاکستان سے تعلق رکھنے والے 16 ایس پی کے تبادلے کر دیئے گئے ہیں جن میں 5 خواتین ایس پی سمیت راولپنڈی کے 3 ایس پی شامل ہیں ان میں ایس پی ٹریفک تیمور خان جن کا تعلق اٹک کے گاؤں بہبودی تھانہ حضرو سے ہے کو ایس پی انویسٹی گیشن اٹک تعینات کیا گیا ہے ، ایس پی پنجاب ہائی وے پیٹرول راجہ شاہد کو ایس پی انویسٹی گیشن اوکاڑہ اور خاتون ایس پی انٹرنل اکاؤنٹ بلٹی برانچ راولپنڈی ریجن امبرین علی کو قائم مقام ایس پی انویسٹی گیشن جہلم کا اضافی چارج دیا گیا ہے دیگر خاتون ایس پی میں مسز رشیدہ بی بی کو ایڈیشنل ایس پی جھنگ سے ایس پی انویسٹی گیشن جھنگ ، مس کوثر پروین ایس پی انٹرنل اکاؤنٹ بلٹی برانچ سرگودھا ریجن کو ایس پی انویسٹی گیشن وہاڑی ، خاتون ایس پی زبیدہ پروین کو ایس پی ایڈمن فیصل آباد سے ایس پی انویسٹی گیشن خوشاب ، خاتون ایس پی خالدہ پروین کو ایس پی انٹرنل اکاؤنٹ بلٹی برانچ شیخوپورہ ریجن سے ایس پی انویسٹی گیشن ننکانہ صاحب ، تقرری کے منتظر ایس پی سجاد حسین کو ایس پی انویسٹی گیشن مظفر گڑھ ، تقرری کے منتظر ایس پی گلفام ناصر کو ایس اپی انویسٹی گیشن لیہ ، ایس پی آر او ، سی ٹی ڈی شیخوپورہ محمد ارشد زاہد کو ایس پی انویسٹی گیشن میانوالی ، ایس پی پی ایچ پی گوجرانوالہ شجاعت علی رانا کو ایس پی انویسی گیشن کا اضافی چارج ، ایڈیشنل ایس پی ہیڈ کوارٹر گوجرانوالہ محمد طاہر مقصود کو ایس پی انویسٹی گیشن منڈی بہاؤ الدین ، بٹالین کمانڈر III پنجاب کانسٹیبلری ملتان محمد ظفر کو ایس پی انویسٹی گیشن خانیوال ، ایس پی انویسٹی گیشن شیخوپورہ سید محمد عباس کو ایس پی انویسٹی گیشن لودھراں ، ایڈیشنل ایس پی شیخوپورہ محمد عبداللہ لک کو ایس پی انویسٹی گیشن شیخوپورہ کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ وہ ایڈیشنل ایس پی شیخوپورہ کا اضافی چارج بھی ان کے پاس رہے گا ایس پی انویسٹی گیشن تیمور خان مقابلہ کا امتحان پاس کر کے ڈائریکٹ انسپکٹر بھرتی ہوئے اور وہ طویل عرصہ تک انسپکٹر اور ڈی ایس پی کی حیثیت سے اپنے فرائض سر انجام دیتے رہے کچھ عرصہ قبل انہیں ایس پی کے عہدے پر ترقی دے کر سینئر ٹریفک آفیسر ایس ٹی او راولپنڈی تعینات کیا گیا ان کے گھرانے میں پولیس کی ملازمت طویل عرصہ سے موجود ہے ایس پی تیمور خان پنجاب بھر میں فرض شناس ، ملنسار اور داد رسی کیلئے محکمہ پولیس سے رجوع کرنے والوں کی داد رسی کرنے میں خصوصی شہرت رکھتے ہیں ان کے پردادا پولیس میں کماندان تھے جو 1921 میں شہید ہوئے، دادا نجف خان پاکستان کے پہلے ڈی آئی جی اور ان کے بطور ایس ایس پی راولپنڈی تعیناتی میں پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کا لیاقت باغ میں قتل ہوا وزیر اعظم لیاقت علی خان نے ایک روز بعد اٹک آنا تھا اور ان کا اس دور کے کرشنا گراؤنڈ جو بعدازاں لالہ زار ہاکی گراؤنڈ کے نام سے مشہور ہوا جس کا اب سرکاری نام شہید ملت لیاقت علی خان ہاکی سٹیڈیم ہے ایس پی تیمور خان کے والد نثار خان بھی ایس ایس پی کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن کی سیٹ طویل عرصہ سے خالی تھی جس کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ان کی ایس پی انویسٹی گیشن کی تعیناتی سے عوامی مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی ایس پی تیمور علی خان کے بڑے بھائی رضا خان بہبودی چیئرمین یونین کونسل ، نائب تحصیل ناظم اٹک اور تحصیل ناظم حضرو کے عہدے پر فائز رہے اور پنجاب اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا جبکہ دوسرے بھائی خادم چھچھ چنگیز خان نے گزشتہ عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑا اور عوام رابطہ مہم میں وہ ضلع بھر میں نمایاں سیاسی شخصیت کے طور پر مشہور ہیں ۔ 


اٹک (سنہرا دور) سابق امیدوار پنجاب اسمبلی خادم چھچھ چنگیز خان نے کہا ہے کہ سیاست کو عبادت سے کم نہیں سمجھتا تحصیل حضرو کے مسائل اپنے مسائل سمجھ کر حل کرتا ہوں عوام کو پہلے مایوس کیا ہے نہ آئندہ کریں گے سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جب سے سیاست کے میدان میں قدم رکھا ہے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہوں بطور سرکاری آفیسر بھی کبھی کسی کو مایوس نہیں کیا تھا نہ سیاست میں کریں گے 2018کا الیکشن جس طرح ہوا عوام اچھی طرح آگاہ ہے اس الیکشن کی وجہ سے مایوس نہیں ہوا بلکہ حوصلے بلند ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان نے ہمیشہ حضرو کے عوام کے مسائل حل کرنے کی سیاست کی یہی وجہ ہے کہ اہلیان حضرو کے ہم پر اعتماد کرتے ہیں حضرو کے عوام نے ہمیشہ عزتوں سے نوازاچنگیز خان نے کہا کہ ہماری سیاست ہی حضرو کے عوام کے مسائل حل کرنا ہے جس کیلئے دن رات کوشاں ہیں میرے بڑے بھائی سابق تحصیل ناظم رضا خان نے بھی اپنے دور اقتدار میں حضرو بھر میں بے مثال ترقیاتی کام کروائے تھے جس کی وجہ سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوا حضرو کے عوام کیلئے میرے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں ۔ 


اٹک (سنہرا دور) حضرو سے اٹک ویگن سروس نے سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 20روپے کر دیا،لڑائی جھگڑے معمول بن گئے،انتظامیہ آگاہی کے باوجود خاموش تماشائی بن گئی عوامی مشکلات بڑھ گئیں تفصیلات کے مطابق حضرو او اٹک کے درمیان چلنی والی ویگنیں جو سی این جی استعمال کرتی ہیں اور کرایہ پٹرول کا وصول کیا جا رہا ہے ہٹیاں سے بہادر خان تک تقریباََڈیڑھ سے 2کلو میٹر کا کرایہ بھی 20لیا جا رہا ہے موسیٰ پل سے حضرو تک بھی عوام سے 20روپے وصول کیے جاتے ہیں جبکہ اٹک حضرو کا کرایہ 40روپے کر دیا گیا جس کی وجہ سے سرکاری ملازمین اور عام دیہاڑی داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اگر کرایوں کے حوالے سے کنڈیکٹروں سے بات جائے تو وہ بد تمیزی پر اتر آتے ہیں جس کی وجہ سے لڑائی جھگڑے معمول بن گئے جبکہ سیکرٹری آر ٹی اے سمیت دیگر انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے عوامی حلقوں نے ڈی سی اٹک سے اصلاح واحوال کا مطالبہ کیا ہے۔


اٹک (سنہرا دور) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد آصف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کے اندراج ،منتقلی یا تبدیلی کے لیے 31مارچ تک الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر آن لائن یاڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر میں آکرکی جا سکتی ہے ، انہوں نے کہاکہ پہلے یہ میعاد 28فروری تک تھی مگر الیکشن کمیشن نے زیادہ سے زیادہ ووٹ اندراج کا ہدف پورا کرنے کے لیے یہ میعاد عوامی مفاد میں بڑھا کر31مارچ تک کردی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے سرکاری ملازمین کو یہ سہولت دی ہے کہ وہ اپنے مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ جہاں تعینات ہیں وہا ں پر بھی ووٹ درج کرا سکتے ہیں ۔ 


اٹک (سنہرا دور) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید شہزاد ندیم بخاری کی خصوصی ہدایات پر تھانہ انجراء کے ایس ائی فتح محمد نے پیر عباس چومیں ایک مشکوک شخص غلام عباس ولد خدا بخش قوم موچی سکنہ تراپ تحصیل جنڈ ضلع اٹک سے 400 گرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیاتھانہ جنڈ کے اے ایس ائی اللہ دتہ نے ایک ہائی ایس نمبری LES/5806برنگ سفید میں سوار نوید اللہ ولد سائیلہ جان قوم مُلا خیل ساکن عزیز خیل کول، ستار کلے ڈاکخانہ غلجو،تحصیل اپر ضلع اورکزئی ایجنسی سے پسٹل 30 بور معہ 6 روند اسلحہ ناجائز برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیاتھانہ بسال کے اے ایس ائی خضر حیات نے ایک ٹویوٹا ہائی ایس برنگ سفید نمبری JF-1897کو روک کر پڑتال عمل میں لائی تو ڈرائیور احسان احمد ولد پرویز اختر قوم بھٹی ساکن ڈھوک گاما تحصیل و ضلع اٹک گاڑی میں لگے 2 عدد CNG سلنڈر کی بابت کوئی فٹنس سرٹیفیکیٹ یا اجازت نامہ پیش نہ کر سکا ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔


اٹک (سنہرا دور) بجلی چوری پر مقدمہ درج ، تفصیلات کے مطابق ایس ڈی او واپڈا اٹک نے تھانہ اٹک سٹی میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ فاروق اعظم کالونی میں غلام فخر دین زیر استعمال مدثر جاوید ساکن فاروق اعظم کالونی گلی نمبر 2 کے گھر دوکان کو چیک کیا گیا جنہیں رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا ٹی اے ایس آئی لیاقت علی نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔


اٹک (سنہرا دور) اورنگزیب ولد دلاور خان سکنہ شیخ ڈھیری تحصیل چھوٹا لاہور ضلع صوابی حال مقام ڈھوک کرمال فتح جنگ نے تحریری درخواست دی کہ سائل عرصہ قریب 5 سال سے مسمی بابر حسین شاہ صاحب ساکن گلستان کالونی راولپنڈی حال مقیم برطانیہ کی اراضی تقریباََ 1000 کنال واقع موضع مقام تحصیل فتح جنگ ضلع اٹک پرملازم ہے مورخہ 26.03.19 کو بوقت قریب سہ پہر طارق خان مسلح پسٹل، غفار خان مسلح رائفل جنہوں نے اراضی ملکیتی بابر حسین شاہ کی حدود کے باہر قریب ہی ڈیرہ بنا رکھا ہے ہمراہ 20/25 نا معلوم افراد آئے جن میں 7/8 افراد درخت پھلائی وغیرہ کاٹ رہے تھے۔ یہ سب کچھ دیکھتے ہوئے میں نے طارق وغیرہ کو منع کیا تو مذکوران نے غلیظ گالیاں دیتے ہوئے سائل کو موقع سے بھاگ جانے کو کہااس دوران موقع پر ٹریکٹر ٹرالی آئی۔ جس پر طارق وغیرہ نے کاٹے ہوئے درخت لوڈ کیے اور ٹریکٹر ٹرالی لے گئے مکان پر پہنچ کر سائل نے مسمی محمد واجد ولد عبدالقیوم ساکن لین نمبر 3 گلستان کالونی راولپنڈی جو کہ بابر حسین شاہ صاحب کی جانب سے اراضی کا مختار خاص مقرر ہے سے بذریعہ فون رابطہ کیا اور صورت حال کے بارے بتایا جو ہمراہ شکیل احمد ولد محمد شمریز ساکن گلستان کالونی راولپنڈی کے موقع پر پہنچ گیا طارق وغیرہ نے سائل اور واجد، شکیل کو دیکھتے ہی اسلحہ تان کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں طارق وغیرہ نے اراضی ملکیتی بابر حسین شاہ صاحب پر قبضہ کرنے کی کوشش کر کے اراضی سے درخت مالیتی 14/15 لاکھ روپے کاٹ کر چوری کر کے اسلحہ سے لیس ہو کر قتل کی دھمکیاں دیکر سخت زیادتی کی ہے۔جس پر تھانہ باہتر کے اے ایس ائی محمد اعظم نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلش شروع کر دی۔


اٹک (سنہرا دور) چوکی ڈھلیاں کی ٹیم نے مقدمہ نمبر 03مورخہ 01.03.2018جرم 324/148/149/337ت پ میں مجرم اشتہاری محمد فاروق ولد محمد افضل سکنہ مظفر گڑھ کو گرفتار کر لیا۔
اٹک ( ) ڈی پی او اٹک سید شہزاد ندیم بخاری کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی سی ائی ائے راجہ فیاض الحق کی سربراہی میں ACLCکی ٹیم نے جس میں اے ایس ائی عامر اقبال انچارج ACLC،کانسٹیبل عامر اور ان کی ٹیم نے مقدمہ نمبر396مورخہ 29.12.2018 بجرم 381Aت پ تھانہ حضرو کے علاقے کامرہ قطبہ سے چوری شدہ گاڑی نمبری LWE/8008از قسم ہنڈا برنگ سیاہ مالیتی 9,50,000روپے اسلام آباد بھارہ کہوہ سے برآمد کر کے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد مالک مدعی محمد نعیم سکنہ اسلام آباد کو ان کی گاڑی انکے حوالے کر دی اس موقع پر محمد نعیم نے اٹک پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اٹک پولیس کے بے حد مشکور ہیں اور وہ تمام عمر اٹک پولیس ککے لیے دعا گو رہیں گے۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں