اگر واٹس ایپ پر کوئی آپ کو بھیجا میسج ڈیلیٹ کر دے تو پھر بھی آپ اسے پڑھ سکتے ہیں، لیکن کیسے؟ طریقہ جانئے

فرانسسکو(نیوز ڈیسک)واٹس ایپ نے اپنے صارفین کو یہ سہولت فراہم کر دی ہے کہ وہ کوئی میسج بھیجنے کے بعد بھی اسے آپ کے موبائل فون سے ختم کر سکتے ہیں، لیکن کیا واقعی ایسا ہی ہے؟ سچ تو یہ ہے کہ میسج بھیجنے والے کی جانب سے اسے ڈیلیٹ کئے جانے کے باوجود آپ اس میسج تک رسائی حاصل سکتے ہیں۔

میل آن لائن کے مطابق ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ ’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘ کا فیچر اتنا قابل بھروسہ نہیں جتنا قابل بھروسہ واٹس ایپ کی جانب سے بتایا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ میسجز صارف کے ڈیوائس میں ہی موجود رہتے ہیں اور سیٹنگز کے ذریعے ان تک رسائی بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اینڈرائیڈ 7.0 کے صارفین تو یہ کام کرسکتے ہیں البتہ یہ واضح نہیں کہ iOS استعمال کرنے والوں کے لئے بھی یہ ممکن ہے یا نہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جب بھی واٹس ایپ کا کوئی نوٹیفکیشن آتا ہے تو اس کو ’نوٹیفکیشن لاگ‘ میں سٹور کیا جاتا ہے، چاہے بعد میں اسے بھیجنے والا اپنی طرف سے ڈیلیٹ ہی کردے۔ اگرچہ اس لاگ میں موجود اکثر ڈیٹا ٹیکنیکل معلومات پر مشتمل ہوتا ہے لیکن نوٹیفکیشن میسج کے پہلے 100 حروف بھی اس میں سٹور کئے جاتے ہیں۔ تو اگرچہ آپ واٹس ایپ کے اندر کسی میسج کو ڈیلیٹ ہونے کے بعد نہیں دیکھ سکتے لیکن نوٹیفکیشن لاگ میں اسے پھر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ اینڈرائیڈ صارفین اس کے لئے مندرجہ ذیل طریقہ اختیار کرسکتے ہیں:
پہلے ایک ہوم سکرین سیٹنگز ویجٹ بنائیں۔ اس کے لئے ہوم سکرین پر کچھ وقفے کے لئے انگلی رکھیں، پھر ویجٹ آئی کون پر کلک کریں۔ اس میں نیچے سیٹنگز میں جائیں اور اسے ہوم سکرین پر لائیں۔ اب ویجٹ پر کلک کریں اور دی گئی لسٹ میں سے نوٹیفکیشن لاگ پر کلک کریں۔ آپ جس میسج کو دیکھنا چاہ رہے ہیں اس پر کلک کریں۔
دوسری صورت میں آپ نوٹیفکیشن ہسٹری ایپ ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں جو کہ آپ کے حالیہ تمام نوٹیفکیشن کی لسٹ فراہم کرتی ہے۔ اس میں Android.text والی لائن میں میسج کے پہلے 100 حروف ظاہر ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں