ایران پاکستان دفاعی سمجھوتے پر دستخط

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے وزیر دفاع اور پاکستان کے دفاعی پیداوار کے وزیر نے بدھ کے روز تہران میں باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے سمجھوتے پر دستخط کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھوتہ دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے ایران و پاکستان کے عزم کی نشانی ہے۔

ایران کے وزیر دفاع نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان خوشگوار تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون سے خطے کے امن و استحکام میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی زیادہ تر مشکلات بیرونی طاقتوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہیں اور ان پر قابو پانے کے لیے خطے کے ملکوں کے پاس باہمی تعاون کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔انہوں ایران و پاکستان کے مشترکہ دفاعی کمیشن کو بھی جلد از جلد فعال بنائے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دفاعی پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ ثقافتی اور مذہبی رشتے پائے جائے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو بے پناہ اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خطے کے بعض ملکوں میں پائی جانے والی بدامنی جلد ختم ہوجائے گی۔دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر، ایران کے وزیر دفاع کی دعوت پر پیر کے روز کے تہران پہنچے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں