ایم کیو ایم لندن کے اہم رہنما نے استعفیٰ کااعلان کردیا

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما بابرغوری نے پارٹی کی بنیادی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما بابر غوری نے پارٹی کی بنیادی رکنیت چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے استعفیٰ کا اعلان کردیا۔

بابر غوری کے مطابق پارٹی رکنیت چھوڑنے کا فیصلہ خالصتاً ذاتی ہے۔ فی الحال کسی پارٹی یا گروپ میں شمولیت اختیار نہیں کررہا۔

واضح رہے کہ مارچ 2015 میں بیرون ملک چلے جانے والے بابرغوری اس کے بعد سے وطن واپس نہیں آئے۔ 22 اگست 2016 کو متحدہ بانی الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد سے بابر غوری ایم کیو ایم لندن سے رابطے میں تھے۔

اس دوران بابرغوری نے ایم کیو ایم پاکستان یا اس کے سربراہ فاروق ستارسے کوئی رابطہ نہیں رکھا۔ بابرغوری کاموقف تھا کہ ایم کیو ایم صرف ایک ہی ہے جو لندن میں ہے۔

سندھ میں ایم کیو ایم کی مخلوط حکومت کے دوران بابرغوری پورٹ اینڈ شپنگ کے وزیر رہے اور ان کے دور میں کراچی پورٹ ٹرسٹ میں کی جانے والی غیر قانونی بھرتیوں کا کیس بھی سندھ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں