بلاول بھٹو کا نواز شریف سے ہمدردی کا اظہار

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف سے ہمدردی کرتے ہوئے حکومت کے تضحیک آمیز رویے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو بھرپورطبی سہولیات فراہم کی جائیں اوراُن کا بہترین علاج کیا جائے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے ساتھ عزت و احترام کا سلوک رکھا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کی طبعیت بگڑ گئی تھی، لیکن اُنہوں نے اسپتال جانے سے صاف انکار کر دیاتھاجبکہ اہلخانہ کے اصرار کے باوجود بھی جیل سے اسپتال منتقل ہونے سے منع کردیاتھا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 5 میڈیکل بورڈز کی رپورٹس کے بعد بھی علاج شروع نہیں ہوا، تضحیک قبول نہیں اور عزت کی موت کو ترجیح دوں گا۔

نواز شریف نے شہباز شریف سے گفتگو میں کہا تھاکہ علاج کےلئےنہ بھیک مانگی ہے اورنہ ہی آئندہ مانگوں گا،علاج کے نام پر سیاست ہو رہی ہے، ایک سے دوسرے اسپتال گھمایا جارہا ہے،حکومت کا تضحیک آمیز رویہ قبول نہیں۔

نواز شریف نے ملاقات کے بعد والدہ سے گھر جانے کی التجا کی اور کہا کہ ماں جی آپ دعا فرمائیں،جو اللہ کو منظور ہوا وہ ہوجائےگا۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے نواز شریف کو بہتر علاج کی سہولتیں دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔  

اپنا تبصرہ بھیجیں