بلوچستان میں مسافر ٹرین کو اڑانے کی کوشش،4ہلاک

جعفر آباد…ڈیرہ مراد جمالی کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی 7 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔حادثے میں 4 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں ربیع کینال کے قریب ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا گیا ۔دھماکے کے بعدٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی ۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو ایمرجنسی،پولیس سمیت دیگر ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دھماکہ خیز مواد ریلوے ٹریک پر نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول سے اس ووقت اڑا یا گیا جب راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس گزررہی تھی۔ دھماکے سے ریلوے ٹریک کا بڑا حصہ تباہ ہوگیا۔ ٹریک کی مرمت کرکے ٹرینوں کی آمد ورفت بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وزیرریلوے شیخ رشید نے دھماکے کی شدید مذمت کی اور جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے دھماکے کو دہشت گردوں کا انتہائی بزدلانہ اقدام قرار دیا۔شیخ رشید نے کہا کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ریاست ان کا قلع قمع کرکے چھوڑے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں