بھارتی جیل میں قید گونگے بہرے پاکستانی بچے کی شناخت

لاہور : بھارت کی امرتسرجیل میں قید گونگے بہرے پاکستانی بچے کی شناخت ہوگئی، لاہور کا رہائشی 15 سالہ حسنین 7 ماہ سے لاپتہ تھا، بیٹے کی جدائی پر والدین شدید کرب سے دوچار ہیں۔
گزشتہ دنوں بھارت کی امرتسر جیل میں قید گونگے بہرے بچے سے متعلق انکشاف ہوا کہ یہ پاکستانی ہوسکتا ہے، جس پر مقامی طور پر اس کے عزیز و اقارب کو ڈھونڈنے کی کوشش کی گئی اور بچے کے والدین کا پتہ چل گیا۔
بھارتی جیل میں قید 15 سالہ حسنین 2 مئی کو لاپتہ ہوا تھا، اس کا تعلق لاہور سے ہے، گھر والوں نے بہت تلاش کیا مگر کوئی سراغ نہ ملا، ماں دن بھر بیٹے کی تصویر لئے بیٹھی رہتی ہے، بھائی کی یاد میں بہنوں کی آنکھیں بھی نمناک ہیں۔
چند دن پہلے بھارت سے حسنین کی خبر آئی تو اہل خانہ کی پریشانی مزید بڑھ گئی، اہل خانہ کے مطابق 15 سالہ حسنین مقامی فیکٹری میں ملازم تھا۔
کرائے کے مکان میں رہنے والا لاہور کا خاندان بیٹے کی رہائی کیلئے اخراجات اٹھانے کی ہمت نہیں رکھتا، متاثرہ فیملی نے حکومت سے مدد کی اپیل کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں