تجاوزات اور کرپشن کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرینس پالیسی جاری رہے گی : راجہ راشد حفیظ

راولپنڈی :(سنہرادور) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں میں تمام اپوزیشن اراکین عوامی نمائندگی کی بجائے اپنے مالی و سیاسی مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں جبکہ حکومت کی کامیاب اصلاحاتی پالیسیوں کے نتیجے میں عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو چکا ہے. پٹرول کی قیمتوں میں کمی اس بات کا ثبوت ہے. پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں ایکٹر سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروا لی گئی ہے. تجاوزات اور کرپشن کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرینس پالیسی جاری رہے گی جس سے ملک اور قوم کو فائدہ ہوگا. نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے بعد عوام الناس کو اپنے مسائل کا حل ان کی دہلیز پر مل جائیگا جو اپنے مسائل کے حل کیلئے خود مختار ہونگے. انہو ں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے پبلک سیکریٹریٹ سید پور روڈ میں منعقدہ ایک کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی. کھلی کچہری میں حلقے کے عوام نے راجہ راشد حفیظ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا. عوام کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے راجہ راشد حفیظ نے متعلقہ اداروں کے حکام کو موقع پر احکامات جاری کئے. راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ چھ سات دہائیوں میں بوئے ہوئے کرپشن اور دیگر خرابیوں کے بیج اور ان کی فصلیں تلف کرنا اتنا آسان کام نہیں. ہماری حکومت نے لاقانونیت، کرپشن اور تجاوزات کی شکل میں با اثر لوگوں کو سیاسی رشوتیں دینے کی بجائے اس گند کو ہر قیمت پر صاف کرنا ہے. ہماری حکومت بھی اپنے سیاسی مفادات کی خاطر گذشتہ حکومتوں کی طرح یہ سیاسی رشوتیں دے سکتی تھی مگر ہم نے ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھا. انہو ں نے کہا کہ ہماری کارکردگی کو چند دنوں میں جانچنے والوں نے ملک اور قوم کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا کر صرف وہ منصوبے کئے جن میں ان کو کمیشن ملتا تھا. حلقے کے عوام نے راجہ راشد حفیظ کو اپنے حلقے کے اجتماعی اور انفرادی مسائل سے آگاہ کیا جس پر راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ عوام کو تمام تر بنیادی ضروریات و سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں