حضور پاک دنیا کی تاریخ کے عظیم لیڈر تھے، عمران خان

اسلام آباد: چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کہتے ہیں حضور پاک دنیا کی تاریخ کے عظیم لیڈر تھے، ہم ان کے راستے سے ہٹ کر اپنے مقام سے گرگئے۔
یوم ولادت رسول کی مناسبت سے اسلام آباد میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صادق اور امین ہونا لیڈر کے لیے بنیادی شرط ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لیڈر کی سب سے بڑی کوالٹی یہ ہے کہ وہ صادق اور امین ہو، مغرب میں کوئی لیڈر نہیں بن سکتا اگر وہ صادق اور امین نہ ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عدل و انصاف کو نظر انداز کرنا اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا نظام ہمارے زوال کی بنیادی وجہ ہے، انہوں نے نبی کی حیات طیبہ سے لیڈر کی سب سے بڑی نشانی بھی بتا دی۔
عمران خان نے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو اور لیڈر بناتا ہے۔۔۔آپ کے زمانے کے جو تیس چالیس سال ہیں اس میں جتنے عظیم لوگ پیدا ہوئے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
چئیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ایسی ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں جیسی دنیا کے عظیم ترین رہنما نے مدینہ منورہ میں قائم کی تھی۔
انہوں نےسانحہ پشاور میں کامیاب آپریشن پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا شہدا اور زخمیوں کیلئے دعا بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں