رائیونڈ میں زوردار دھماکا،ایک شخص جاں بحق،20 زخمی

لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق اور 5 پولیس اہلکاروں سمیت 20افراد زخمی ہو گئے۔

لاہور پولیس کے مطابق دھماکا پولیس چوکی کے قریب اس وقت ہواجب پولیس کی ڈیوٹی شفٹ تبدیل ہو رہی تھی ، دھماکے کی نوعیت کے بارے میں ابھی تفتیش جا ری ہے کہ آیا دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا یا یہ کوئی خود کش حملہ تھا۔

دھماکے میں ایک موٹر سائیکل بھی تباہ ہو ئی ہے اور ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹائم ڈیوائس اسی موٹر سائیکل میں نصب کی گئی ہو تاہم ابھی اس بارے میں حتمی طورپر تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔

واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریب واقع اسپتال منتقل کیا ،پولیس نے دھماکے کے مقام کو حفاظتی حصار میں لے لیا ہے اور مختلف پہلوئوں سے تفتیش جا ری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں