رویے بدلے بغیر پولیس کلچر بدلنا ممکن نہیں: عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انسانی جان سے زیادہ قیمتی کوئی چیز نہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ پولیس کے رویوں میں تبدیلی لائے بغیر پولیس کلچر بدلنا ممکن نہیں۔ ملتان میں پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں کانسٹیبلز کے 57 ویں ریکروٹ کلاس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انسانی جان کی قدر و منزلت سب سے اعلیٰ و ارفع ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اپنے عمل سے عوام کی حفاظت پر مامور ہر فورس کیلئے راہ عمل متعین کر دی جس میں انسانی جان کی حرمت پر زور دیا گیا۔ کسی انسان کی خدمت اور حفاظت سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ تھانے میں ہر آنے والے کو سائل نہیں بلکہ معاشرے کا معزز شہری سمجھا جائے۔ امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف موثر کارروائیوں کیلئے عوام کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور عوام کا بھرپور تعاون حاصل کرنے کیلئے بنیادی چیز پولیس کے رویوں میں تبدیلی ہے۔ عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے پولیس کو رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور خوش اسلوبی سے پیش آیا جائے۔ خوش اخلاقی کا برتاؤ کیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہماری پولیس مثالی نہ بن سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پولیس کو دوسرے صوبوں کیلئے مثال بننا چاہیئے۔ محکمہ پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے شاندار خدمات سرانجام دیں۔ افسروں اور جوانو ں نے اپنی جانوں کے قیمتی نذرانے پیش کئے۔ قوم ان کی قربانیوں کو سراہتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ملتان کی ٹریننگ کالج اپ گریڈیشن کے منصوبے کا افتتاح کیا اور پرنسپل کے عہدے کو ایس ایس پی سے ڈی آئی جی اپ گریڈ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں پولیس کانسٹیبلز نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے دوران مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔وزیراعلیٰ نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ بھی کیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کئے اور بہترین کمپنی کو آنریری فلیگ سے نوازا۔انسپکٹر جنرل پولیس نے بھی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء فیاض الحسن چوہان، ڈاکٹر اختر ملک، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ملتان میں ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور اور فیصل آباد کے 1147 اہلکاروں کو پروفیشنل ٹریننگ دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں