زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست کی سماعت نہ ہو سکی

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کی سماعت کازلسٹ میں شامل نہ ہونے کے باعث نہیں ہوسکی۔

رجسٹرار آفس تحریک انصاف کی درخواست دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرے گا۔

اس سے قبل گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے یہ درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں عثمان ڈار اور خرم شیر زمان نے آصف زرداری کی قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے اہلیت کو چیلنج کیا ہے ، جس میں عدالت سے آصف زرداری کی پارٹی سربراہ اوررکن قومی اسمبلی سےتاحیات نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیاگیا ہے کہ آصف علی زرداری اثاثے چھپانے کے باعث صادق اور امین نہیں رہے ،عدالت آصف زرداری کو آئین کے آرٹیکل 62ون ایف کے تحت نااہل قرار دے۔

رہنما تحریک انصاف خرم شیرزمان اس ضمن میں کہتے ہیں کہ امید ہے کہ آصف زرداری کےخلاف عدالت میں کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر کے خلاف جو شواہد سامنے آئے ہیں وہ دیکھ کرحیران ہیں، یہ کیس اثاثے چھپانے سے متعلق ہے، اس کا دیگر کیسز سے تعلق نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں