سام سنگ کا S9 اور S9+ کب متعارف کرایا جا رہا ہے اور اس کی کیا خصوصیات ہوں گی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں، اس مرتبہ تو واقعی ایپل پریشان ہو جائے گی کیونکہ۔۔۔

لاہور (سنہرادور آن لائن) سام سنگ نے گلیکسی سیریز کے ذریعے دنیا بھر میں نام اور پیسہ دونوں ہی بہت کمایا ہے اور یہ سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ سام سنگ نے گلیکسی S8 اور S8+ متعارف کرائے تو انہیں دنیا بھر میں بہت پسند کیا گیا اور اب کمپنی نے S9 اور +S9 متعارف کرانے کی تیاری بھی تقریباً مکمل کر لی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سام سنگ نے ماضی کے برعکس S9 اور +S9 کو پہلی مرتبہ جلد لوگوں کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ جنوری 2018ءمیں لاس ویگاس میں ہونے والے کنزیومر الیکٹرونکس فورم میں انہیں متعارف کرا دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ان کا کوڈ نام سٹار ون اور سٹار ٹو ہے جبکہ ان کے ماڈل نمبر SM-G960 اور SM-G965 ہوں گے جبکہ ان کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور یہ S8 اور +S8 سے ملتے جلتے ہوں گے۔
ان میں کوالکوم کا سنیپ ڈریگون 845 پراسیسر استعمال ہو گا جبکہ کچھ ڈیوائسز میں سام سنگ کا نیا Exynos پراسیسر بھی استعمال کیا جائے گا اور قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان پراسیسرز کے استعمال سے یہ دنیا کے تیز ترین فون بن جائیں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ S9 میں 5.8 انچ کی سکرین اور +S9 میں 6.2 انچ کی سکرین استعمال کی جائے جبکہ +S9 میں نوٹ 8 کی طرح دو بیک کیمرے لگائے جائیں گے۔ دونوں کی سٹوریج تو 64 جی بی ہو گی البتہ S9 میں 4 جی بی ریم مہیا کی جائے گی جبکہ +S9 میں 6 جی بی ریم سے لگائی جائے گی۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سام سنگ نے صارفین کی پرزور فرمائش پر فنگر پرنٹ سینسر بھی کیمرے کے سائیڈ سے ہٹا کر نیچے لگانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ یہ خوشخبری بھی ہے کہ 3.5 ملی میٹر کا ہیڈ فون جیک بھی ختم نہیں کیا جا رہا جیسا کہ آئی فون سمیت دیگر کئی سمارٹ فونز میں اسے ختم کر دیا گیا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کنزیومر فورم کے موقع پر ان سمارٹ فونز سے متعلق کتنی معلومات فراہم کی جائیں گی کیونکہ سام سنگ نے مارچ 2018ءمیں بھی ایک تقریب منعقد کرنی ہے جس میں باقاعدہ طور پر اسے لانچ کیا جائے گا اور یہی امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تمام تفصیلات بھی اس موقع پر ہی فراہم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں