سانحہ قصور پر سیاسی قائدین کی شدید مذمت ، تفصیلی رپورٹ

لاہور: (سنہرادور آن لائن) ننھی زینب کے وحشیانہ قتل کی ملک کی سیاسی قیادت نے شدید مذمت کی اور دکھ کا اظہار کیا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ایسے ملزم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ آصف زرداری، عمران خان، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال نے بھی اسے ناقابل معافی جرم قرار دیدیا ہے۔ مریم نواز اور آصفہ بھٹو نے بھی اپنے جذباتی ٹویٹس میں شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔

نواز شریف

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچانا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے، ایسے ملزم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو قاتل فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف

وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پولیس حکام کی سرزنش کی، کہتے ہیں انہیں ملزمان کی گرفتاری چاہئے، زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا۔

آصف زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بچی کا اغواء اور زیادتی ناقابل معافی جرم ہے، درندوں کو گرفتار کر کے سخت سزا دلوائی جائے۔

عمران خان

عمران خان نے ٹویٹ کیا کہ ننھی زینب کے قتل نے ثابت کر دیا کہ معاشرے میں بچے کتنے غیرمحفوظ ہیں، ہمیں اپنے بچوں کے تحفظ کے لئے مجرموں کو سزا دینا ہو گی۔ انہوں نے اپنا ویڈٰیو پیغام بھی جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ زینب کے قتل پر پوری قوم صدمے میں ہے، یہ دکھ صرف ان کو نہیں پہنچا جن کی بچی ہے، یہ پوری قوم کا دکھ ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے یہ خوف ہے کہ ہمارا معاشرہ کدھر گرتا جا رہا ہے؟ یہ پہلی بار نہیں ہوا، بچوں کے ساتھ یہ ظلم پہلے بھی ہو چکا ہے، اس پر مزید غصہ آتا ہے کہ مظاہرین پر پنجاب پولیس گولیاں چلا رہی ہے؟ کیا یہ پولیس قوم کی محافظ ہے یا انہوں نے قاتل بنائے ہوئے ہیں؟ پولیس نے ماڈل ٹاؤن میں ساری قوم کے سامنے لوگوں کو قتل کیا، پولیس کو غیرسیاسی کرنے تک یہ ٹھیک نہیں ہو گی۔

بلاول بھٹو

بلاول بھٹو کہتے ہیں یہ واقعہ شریفوں کی بادشاہی کے منہ پر طمانچہ ہے۔

مریم نواز

مریم نواز شریف نے ٹویٹ کیا کہ وہ امید اور دعا کرتی ہیں کہ مجرم کو دوسروں کے لئے عبرت کا نشان بنا دیا جائے۔

پرویز الہٰی

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزموں کو سزا ملتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔

آصفہ بھٹو

آصفہ بھٹو نے جذباتی ٹویٹ میں کہا کہ وہ صرف سات سال کی معصوم بچی تھی جسے قتل کیا گیا، میرا دل ٹوٹ گیا ہے، اللہ زینب کے خاندان کو ہمت دے۔

فاروق ستار

فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت ایسے شرمناک واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔

مصطفیٰ کمال

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پنجاب کے حکمران اپنی حکومت بچانے میں لگے ہیں، واقعہ ان کی گوڈ گورننس کے منہ پر طمانچہ ہے۔

شیخ رشید

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی اور پولیس کی مجرمانہ غفلت اور پنجاب حکومت کی جانب سے تاحال ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے میں ناکام رہنے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں