سرفراز، مصباح، یونس اور آفریدی کیلئے کرکٹ خدمات پر تمغہ امتیاز

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے کرکٹ اورملک کیلئے خدمات اور وطن کا نام روشن کرنے پر پاکستانی ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز اور3 سابق کپتان مصبا ح الحق ، یونس خان اور شاہد آفریدی کوتمغہ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ہر سال 23 مارچ کو مختلف شعبوں میں ملک کیلئے خدمات انجام دینے والوں کو سراہتے ہوئے انہیں مختلف اعزازات سے نوازا جاتا ہے اور اس مرتبہ دیگر اہم شخصیات کے ساتھ حکومت پاکستان قومی ٹیم کے موجودہ اور 3 سابق کپتانوں کو بھی اس اعزاز سے نوازے گی ۔ سابق کپتان یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے 10ہزار رنز بنانے والے واحد بلے باز ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اسی طری مصباح الحق اعدادوشمار کے لحاظ سے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان ہیں جبکہ ان کی زیر قیادت پاکستان نے بڑی بڑی ٹیموں کو زیر کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔شاہد آفریدی نے ون ڈے کرکٹ کی تیزترین سنچری بنائی تھی اور ان کا یہ اعزاز 16 سال تک برقرار رہا جبکہ 2009 ءکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انہوں نے سیمی فائنل اور فائنل میں فتح گر کارکردگی دکھا کر پاکستان کو چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کی زیر قیادت پاکستان نے 2011ءکے عالمی کپ میں سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔قومی ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز احمد کی زیر قیادت پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک بننے کا کارنامہ بھی انجام دیا تھا۔ان چاروں کھلاڑیوں کو یوم پاکستان پر 23 مارچ کو ہونے والی خصوصی تقریب میں تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں