سرفراز احمد نے نازیبا کلمات پر معافی مانگ لی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران نازیبا کلمات پر معافی مانگ لی ہے۔

سرفراز احمد کا ٹوئٹر پیغام میں کہنا ہے کہ میرے الفاظ سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو میں خلوص سے دل معافی چاہتا ہوں، میرے الفاظ براہ راست کسی خاص شخص کے بارے میں نہیں تھے اور یقیناً میرا ارادہ کسی کو پریشان کرنا نہیں تھا۔

دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران سرفراز احمد نے مبینہ طور پر جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی اینڈائل پھلا کوائیو کے حوالے سے تضحیک آمیز جملے اداکیے تھے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی سرفراز احمد کے اس رویہ کو افسوسناک قرار دیا تھا۔

سکندر بخت کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں اس طرح کے فقرے معیوب سمجھے جاتے ہیں اور خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، یہ سرفراز کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک ہے، سرفراز کپتان ہے اس کو زیادہ محتاط رہنا چاہیے، اس طرح کے کمنٹس کا سخت نوٹس لیا جائے گا اور وہ معطل بھی ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں