سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی، خلیجی اخبار

بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنےکے باعث ہوئی ہے، اس بات کا دعویٰ ایک خلیجی اخبار نے کیا ہے۔

خلیجی اخبار کا کہنا ہے کہ سری دیوی کی موت کی فارنزک رپورٹ کے مطابق سری دیوی کی موت حادثہ تھی، اس کےپیچھے کوئی مجرمانہ محرک نہیں ہے۔

خلیجی اخبار کے مطابق دبئی پولیس نے بھارتی اداکارہ سری دیوی کی فارنزک رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق اداکارہ کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں گر کر ڈوبنے سے ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ کے خون میں الکوحل کے اثرات پائے گئے، جس کے زیراثر وہ توا زن برقرار نہیں رکھ سکیں اور باتھ ٹب میں گر کر ڈوب گئیں، سری دیوی کی فارنزک رپورٹ بھارتی قونصلیٹ اور اہل خانہ کو جاری کر دی گئی ہے۔

ادھر اداکارہ کی میت کچھ دیر میں بھارت روانہ کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں سلور اسکرین پر راج کرنے والی بھارتی اداکارہ سری دیوی ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اپنے کروڑوں پرستاروں کو سوگوار چھوڑ گئی تھیں۔

سری دیوی کی موت کے متعلق متضاد اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم ان کی موت کا سبب حرکت قلب کا بند ہوجانا قرار دیا جارہا تھا۔

اب خلیجی اخبار کا دعویٰ سامنے آیا ہے کہ سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے کے باعث واقع ہوئی۔

ادھر بھارتی صنعتکار انیل امبانی کا نجی طیارہ ادکارہ کی لاش لینے دبئی پہنچ گیا،سری دیوی کی میت دبئی پولیس کی تحویل میں ہے اور اسے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔

تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد لاش بھارتی سفارتخانے کے حکام کے حوالے کی جائے گی،متوفیہ کے پاسپورٹ کی منسوخی اور ڈیتھ سرٹیفیکٹ کے اجراء کے بعد لاش ممبئی منتقل کی جائے گی۔

دوسری جانب معروف اداکارہ کی آخری رسومات کے سلسلے میں شوبز ستارے انیل کپور کی رہائش گاہ پر پہنچنا شروع ہوگئے۔

واضح رہے کہ بالی و وڈ نگری پر کئی دہائیوں تک راج کرنے والی سری دیوی اپنی فیملی کے ہمراہ دبئی میں موجود تھیں جہاں وہ بھتیجے کی شادی کے سلسلے میں ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھیں۔

سری دیوی 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب ہوٹل کے باتھ روم میں مردہ حالت میں ملی تھیں جن کی لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا، ابتدائی طور پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی وجہ حرکت قلب بند ہونا بتائی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں