سعودی عرب میں سینما پر لگی پابندی ہٹا دی گئی

ریاض : سعددی عرب میں عرصے سے لگی سینما پر پابندی کو ہٹا دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجسنی کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق رواں ہفتے سعودی عرب نے سینما گھروں پر عرصہ دراز سے عائد پابندی کو ہٹا دیا۔ پابندی ہٹانے کا مقصد سعودیہ عرب کو دیگر ممالک کے ہم آہنگ بنانا ہے۔

سینما کی بحالی اس جانب اشارہ ہے کہ سعودی عرب میں نظریات کی تبدیلی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ انٹرٹینمنٹ کو اب اصلاحات کے منصوبے جس کا نام’ ویژن 2030‘ رکھا گیا ہے اس کے حصے کے طور پر پروموٹ کیا جا رہا ہے۔
https://www.samaa.tv/urdu/wp-content/uploads/sites/11/2017/12/1402136081_event.jpg._3.jpg
سعودی عرب جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئے شہر’نیوم‘کی تعمیر سے لے کرخواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے تک کی تمام اصلاحات اور اقدامات کے سبب ان دنوں شہ سرخیوں میں ہے، جس کے بعد کمرشل سینما گھروں پر بھی عائد پابندی کو ہٹا دیا گیا ہے، جس کے بعد اب یوں لگتا ہے جیسے ملک میں انٹرٹینٹ انڈسٹری بھی جلد بحال ہو جائے گی۔

انڈسٹری کی بحالی کی امید اس فلم شو نے جگائی ہے جو دارالحکومت میں دو ہفتے پہلے ہوا۔ فلم کے اس نائٹ شو کو سعودی شہریوں نے ’تازہ ہوا کا جھونکا ‘قرار دیا کیونکہ سعودی عرب میں سن 1980ء سے فلموں کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔
ریاض کے کنگ فہد کلچرل سینٹرمیں شائقین سے کچھا کھچ بھرے ہال میں دکھائی جانے والی تین شارٹ فلموں میں سے ایک ’نیشنل ڈائیلاگ‘ کے ڈائریکٹر فیصل الحربی نے کہا کہ لوگ سینما کے پردے پر اپنی حقیقی زندگی کا عکس دیکھنا چاہتے ہیں اور سینما لوگوں کو زندگی کی حقیقتیں ہی دکھاتا ہے۔‘
نائٹ شو دیکھنے کے لئے خواتین بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔ ان کے لئے ہال کے اندر مردوں سے الگ بیٹھ کر فلم دیکھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین احمد الخطیب نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ سعودی عرب میں سنیما گھر بتدریج کھول دیے جائیں گے تاہم ایسا سرکاری سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات کے بعد ہو گا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں 70 کی دہائی میں بعض سنیما گھر موجود تھے جن پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور یہ پابندی فیصلے سے قبل تک عائد تھی۔ تاہم رواں برس مملکت میں میوزیکل کنسرٹس کی مشروط اجازت دے دی گئی تھی۔ سعودی عرب نے وژن 2030 کے تحت ملکی ثقافتی منظر نامے میں تبدیلی کا عزم کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں