سلیمانی چادر آگئی؛اوڑھو اورغائب ہوجاؤ

کوئی آپ کے سامنے کھڑا ہوکربھی آپ کو نظر نہ آئے تو کیسا لگے گا؟آپ سوچیں گے کہ ایسا تو صرف سلیمانی چادر اوڑھ کر ہی ممکن ہوگا تو جان لیں کہ اب سلیمانی چادر بھی بنا لی گئی ہے۔ چین میں حال ہی میں منظرعام پرآنے والی ایک ویڈیو نے تہلکہ مچادیا۔

انٹرنیٹ پرتیزی سے وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھلی فضامیں کھڑا ایک شخص ایک کپڑادکھاتا ہے جسے جب وہ اپنے آگے کرتا ہے تو وہ شخص لوگوں کو دکھائی نہیں دیتاباوجود اس کے کہ کپڑا شفاف ہے جس کے آر پار دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو دیکھ کرسب حیرت کے سمندرمیں گم ہیں کہ ایسا کیسے ممکن ہے کہ چادرکے اس پار دوسرے مناظر تو صاف دکھائی دے رہے ہیں مگراسے پکڑے والا آدمی گدھے کے سرسے سینگ کی طرح غائب کیسے ہوجاتا ہے۔

یہ ویڈیو اب تک کروڑوں صارفین دیکھ چکے ہیں اور ساتھ ہی حقیقت سے پردہ بھی اٹھ چکا ہے جس کے مطابق یہ شفاف کپڑا کوانٹم ٹیکنالوجی کے ذریعے بنایا گیا ہے جس کی خوبی ہے کہ یہ انسانی جسم کے اطراف روشنی کی شعاعوں منعکس کردیتا ہے جس کی وجہ سے اسے پکڑا ہوا انسان دکھائی نہیں دیتا۔

ایسے کپڑے کی ایجاد انوکھی ہی سہی لیکن انٹرنیٹ صارفین ان خدشات کا شکار ہیں کہ یہ کپڑا سیکیورٹی اداروں کیلئے تو بہترین ہے لیکن اگرمجرمانہ ذہنیت کے حامل افراد بھی اسے ستعمال کریں تو کیا ہو گا؟۔

دوسری جانب کوانٹم ویڈیو پروڈکشن کمپنی کے پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی کپڑا نہیں ہے، نیلے یا ہرے رنگ کے پلاسٹک کلاتھ سے اس ویڈیو کو ایڈٹ کیا گیا ہے اور ایسے سافٹ ویئر موجود ہیں جن کی مدد سے پس منظر دھندلایا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل متعدد فلموں میں بھی ایسا کیا جاچکاہے۔
ویڈیو دیکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں