سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے کوئٹہ کو 1 رن سے مات دے دی

لاہور (سپورٹس رپورٹر): کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز ہی بنا سکی۔ اس سے قبل پشاور زلمی کی پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 157 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، راحت علی کے4 شکار۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) کے پہلے ایلیمینیٹر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 157 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ڈاؤسن نے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی جانب سے اسد شفیق اور ٹی کے کیڈ مور بیٹنگ کرنے آئے۔ کوئٹہ کو پہلی ہی بال پر اسد شفیق کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ وہ حسن علی کی گیند پر سلپ میں کھڑے ڈیرن سیمی کو کیچ تھما بیٹھے۔ دوسری وکٹ 17 کے مجموعی سکور پر ٹی کے کیڈمور کی گری، وہ بھی حسن علی کی گیند پر کامران اکمل کو کیچ تھما بیٹھے۔ کوئٹہ کو تیسرا نقصان محمد نواز کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 35 رنز بنا کر سمین گل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ چوتھے آؤٹ ہونیوالے کھلاڑی کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد تھے وہ 80 کے مجموعی سکور پر سمین گل کے ہاتھوں وکٹ کیپر کامران اکمل کو کیچ تھما بیٹھے۔ پانچویں وکٹ محمود اللہ کی گری جو 19 رنز بنا کر عمعید آصف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔چھٹٰی وکٹ روسو کی گری جو صرف 8 رنز بنا کر 117 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ ساتویں وکٹ132 کے مجموعی سکور پر پریرا کی گری جو وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کوئٹہ کو آٹھواں نقصان اس وقت ہوا جب انیسویں اوور میں حسن خان بھی وہاب ریاض کی گیند پر بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ میچ کا آخری اوور انتہائی دلچسپ ہوا، کوئٹہ کو 25 رنز درکار تھے اور زلمی کی جانب سے ڈاوؤسن نے آخری اوور کیا، جس کے بعد انور علی نے 3 چھکے اور ایک چوکا لگا کر گلیڈی ایٹرز کی امیدیں بحال کر دیں، یوں لگا کہ میچ کا پانسہ پلٹ گیا ہے، آخری گیند پر کوئٹہ کو 3 رنز درکار تھے تاہم ایک ہی رن بن سکا اور میر حمزہ دوسرا رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں