سوئی سدرن اور کے الیکڑک کی لڑائی میں شہری پس گئے

کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی اور کے الیکڑک کی لڑائی میں شہری پس گئے، کے الیکٹرک گیس فراہمی میں کمی کا رونا روتی ہے تو سوئی سدرن کا دعویٰ ہے کہ پوری گیس سپلائی کی جارہی ہے، دو اداروں کی لڑائی کے نتیجے میں ہونے والی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کررکھا ہے۔

شہر قائد میں ایک طرف تو گرمی عروج پر ہے تو دوسری طرف کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کمپنی کے درمیان معاملات بھی کچھ گرم ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق گیس کی فراہمی میں کمی سے بجلی کی پیداوار متاثر ہورہی ہے، یہی وجہ ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کہتے ہیں کہ کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔

کے الیکٹرک اور سوئی گیس کمپنی کے الزامات کی اس جنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے معاملات زندگی اور کاروبار بری طرح متاثر ہوکر رہ گئے ہیں۔

گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، بفرزون، فیڈریل بی ایریا ، ملیر، شاہ فیصل ، لانڈھی، کورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں