سپورٹس فیسٹول ویک: ڈی سی الیون اور پی ایچ اے الیون کے درمیان کرکٹ میچ

راولپنڈی(سنہرا دور): سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی راولپنڈی کے زیراہتمام سپورٹس فیسٹول ویک کے سلسلے میں ڈی سی الیون اور پی ایچ اے الیون کے درمیان راول روڈپارک میں تعمیر ہونے والے نئے کرکٹ گراؤنڈمیں T-10 کرکٹ میچ کھیلا گیا جس کے مہمانان خصوصی وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور صوبائی وزیر لٹریسی پنجاب راجہ راشد حفیظ تھے – اراکین قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق، صداقت علی عباسی، اراکین پنجاب اسمبلی عمر تنویر بٹ، واثق قیوم عباسی، حاجی امجد محمود، چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی عارف عباسی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر عمر جہانگیر، چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر وحید بابر، پاکستان تحریک انصاف ٹریڈرز ونگ کے سینئر نائب صدر راجہ مختار اور کرکٹ کے شائقین کی بہت بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی – صوبائی وزیر لٹریسی پنجاب راجہ راشد حفیظ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت نئے گراؤنڈز کی تعمیر کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جاسکے – انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں سپورٹس فیسٹول کا انعقاد سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی اور پی ایچ اے کی بہترین کاوش ہے جس سے نوجوانوں میں کھیلوں کی طرف رجحان بڑھے گا – وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں جگہ جگہ 12 کروڑ نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں – انہوں نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی اور پی ایچ اے کے زیراہتمام سپورٹس فیسٹول کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپورٹس فیسٹول کے انعقاد سے نوجوانوں کو اپنی مہارت میں مزید نکھار پیدا کرنے میں مدد ملے گی – انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کی دنیا میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں اور کھیل کے میدانوں اور پارکس کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے شجرکاری کی جا رہی ہے – T-10 کرکٹ میچ میں ڈی سی الیون کی ٹیم کی قیادت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمرجہانگیر نے کی جبکہ پی ایچ اے کی ٹیم کی قیادت چیئرمین پی ایچ اے آصف محمود نے کی – پی ایچ اے کی ٹیم نے ٹاس جیت کر ڈی سی الیون کوبیٹنگ کی دعوت دی – ڈی سی الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ دس اوورز میں 63 رنز سکور کئے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے جبکہ پی ایچ اے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 52 رنز سکور کر سکی – اس طرح ڈی سی الیون نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 سکور سے یہ میچ جیت لیا- ڈی سی الیون کے زاہد خان کوعمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا –

اپنا تبصرہ بھیجیں