سینئر اداکار قاضی واجد انتقال کر گئے، نماز جناہ ادا

مرحوم کو آج صبح دل کا دورہ پڑا، انھیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکے.

کراچی: سینئر اداکار قاضی واجد کراچی میں دل کا دورہ پڑ نے سے انتقال کر گئے، انہوں نے سیکڑوں ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔ قاضی واجد کی فنی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان سے بطور ڈرامہ آرٹسٹ ہوا۔ اسی دوران سٹیج ڈراموں میں بھی حصہ لیا جن میں خواجہ معین الدین کا ڈرامہ تعلیم بالغان ان کی پہچان بنا۔

ملک میں ٹیلی وژن کی آمد کے بعد خدا کی بستی میں راجا کا یادگار کردار ادا کیا۔ ٹی وی ڈرامہ تعلیم بالغان میں قاضی واجد کی اداکاری مثالی تھی، ان کے مشہور ڈراموں میں کرن کہانی، آنگن ٹیڑھا، دھوپ کنارے، تنہائیاں سمیت دیگر شامل ہیں۔ سینئر اداکار قاضی واجد نے لاتعداد ڈراموں کے علاوہ چند فلموں میں بھی کام کیا۔ انہوں نے اسٹیج ڈراموں میں بھی حصہ لیا۔

قاضی واجد کو 1988ء میں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تھا۔ قاضی واجد کو اردو ادب سے بھی بے حد لگاؤ تھا اور وہ اکثرادبی محفلوں میں شرکت کرتے تھے۔ قاضی واجد کے انتقال سے ٹی وی کے شعبے میں جو خلا پیدا ہوا ہے وہ شاید ہی کبھی پُر ہوسکے۔

قاضی واجد کی نماز جنازہ گلشن اقبال میں واقع ان کی رہائشگاہ سے متصل مسجد میں ادا کر دی گئی ہے۔ قاضی واجد کو عیسیٰ نگری قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

مرحوم کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شوبز کی متعدد شخصیات نے مرحوم کی نماز جنازہ ادا کی۔ فنکار برادری ساتھی کو یاد کر کے اداس ہو گئی۔مرحوم کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شوبز کی متعدد شخصیات نے مرحوم کی نماز جنازہ ادا کی۔ فنکار برادری ساتھی کو یاد کر کے اداس ہو گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں