سینیٹ انتخاب کی تیاریاں مکمل، پولنگ تین مارچ کو ہو گی

اسلام آباد (سنہرادور): الیکشن کمیشن کے مطابق خالی ہونے والی 52 نشستوں کے لیے 135 امیدوار انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

پارلیمان کے ایوانِ بالا ‘سینیٹ’ کی 52 نشستوں پر نئے سینیٹرز کا انتخاب تین مارچ کو ہوگا جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

پاکستان الیکشن کمیشن کے مطابق ہفتے کو چاروں صوبائی اسمبلیاں اور قومی اسمبلی کے اراکین نئے سینیٹرز کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیں گے۔

نومنتخب سینیٹرز 11 مارچ کو ریٹائر ہونے والے سینیٹروں کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خالی ہونے والی 52 نشستوں کے لیے 135 امیدوار انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں جن کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی، تحریکِ انصاف اور قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی رکھنے والی دیگر جماعتوں سے ہے۔

انتخاب میں ایک بڑی تعداد آزاد امیدواران کی بھی ہے جن میں وہ امیدوار بھی شامل ہیں جنہیں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی طرف سے نامزد کیا گیا تھا لیکن سپریم کورٹ کی طرف سے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو پارٹی صدارت کے لیے نااہل قرار دیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں آزادانہ حیثیت میں سینیٹ انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے دی تھی۔

ہفتے کو ہونے والے انتخاب میں پنجاب اور سندھ سے ایوانِ بالا کی 12، 12 نشستوں پر پولنگ ہوگی جن میں سات، سات جنرل نشستیں، دو، دو ٹیکنوکریٹ اور دو، دو خواتین کی نشستیں جب کہ ایک، ایک اقلیتی افراد کے لیے مختص ہے۔

خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے 11، 11 سینیٹروں کو منتخب کیا جائے گا جن میں سات جنرل نشستیں، دو ٹیکنوکریٹ اور دو خواتین کی نشستیں شامل ہیں۔

قبائلی علاقے سے چار اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے دو سینیٹروں کا انتخاب بھی عمل میں آئے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ انتخاب کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں پولنگ کا عمل صبح نو بجے سے شروع ہو کر دوپہر چار بجے تک جاری رہے گا۔

پاکستان الیکشن کمیشن نے ان انتخابات میں ووٹنگ کے عمل کو خفیہ رکھنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق کوئی ووٹر نہ تو اپنا ووٹ ظاہر کرے گا اور نہ ہی وہ اپنے بیلٹ پییر کو پولنگ اسٹیشن سے باہر لے جائے گا۔ ایسا کرنے کی صورت میں ریٹرننگ افسر ایسے ووٹر کے بیلٹ پیپر کو منسوخ کر دے گا۔

واضح رہے کہ چاروں صوبوں کی متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کے اراکین اپنے اپنے صوبے سے نئے سینیٹروں کو منتخب کریں گے جبکہ وفاقی دارالحکومت سے سینٹروں کو قومی اسمبلی کے اراکین منتخب کریں گے۔ فاٹا کے سینیٹروں کا انتخاب فاٹا سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے اراکین کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے پولنگ کے عمل کے دوران سکیورٹی کے سخت اقدامات اور پولنگ اسٹیشنوں کے باہر رینجرز اور ایف سی (فرنٹیئر کانسٹیبلری) کے اہلکاروں کو تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ 104 نشستوں پر مشتمل ایوانِ بالا کے 11 مارچ کو ریٹائر ہونے والے نصف سینیٹرز کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے جب کہ ان میں بعض آزاد سینیٹرز بھی شامل ہیں جو اپنے عہدے کی چھ سال کی مدت پوری ہونے کے بعد ذمہ داریوں سے سبکدوش ہورہے ہیں۔

ریٹائر ہونے والے سینیٹروں میں سب سے زیادہ تعداد حزبِ مخالف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ارکان کی ہے جس کے 18 سینیٹرز ریٹائر ہورہے ہیں۔ پی پی پی کے ریٹائرڈ ہونے والے سینیٹرز میں سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی بھی شامل ہیں۔

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ریٹائر ہونے والے سینیٹروں کی تعداد 9 ہے۔

دوسری طرف پاکستان الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ صحافیوں کو ہفتے کو ہونے والے سینیٹ انتخاب کی کوریج کی اجازت ہوگی۔

قبل ازیں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ سینیٹ انتخاب کی کوریج کے لیے قومی اسمبلی اور متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی پریس گیلری میں صحافیوں کو جانے سے روک دیا گیا تھا جس پر میڈیا کے نمائندوں اور دیگر حلقوں کی طرف سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس پابندی کو ہٹانے کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سےجمعے کو جاری ایک بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے لیے میڈیا کوریج پر عائد پابندی کو فوری طور ہٹا دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں