سینیٹ چیئرمین کا انتخاب، ن لیگ رضا ربانی کو سپورٹ کریگی

سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے تجویز دی ہے کہ سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کیلئے رضاربانی کی نامزدگی پر پیپلز پارٹی کو سپورٹ کیا جائے۔

سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے معاملے پر نوازشریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں محمودخان اچکزئی، فضل الرحمان، میرحاصل بزنجو، اعظم موسیٰ خیل اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے رضاربانی کی نامزدگی پر پیپلز پارٹی کی حمایت کرنے کی تجویز پیش کی جس پر اتحادی پارٹیوں نے نواز شریف کی حمایت کردی۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ ن لیگ کے معاملات طے پا گئے ہیں۔

حاصل بزنجو کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا فیصلہ پرسوں یا کل شام تک ہوجائے گا، ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، 54 ارکان ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ طے پایا کہ دوسرے کسی امیدوار کی صورت میں ن لیگ اور اتحادی مقابلہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں