شائقین کرکٹ ٹی20سیریز کو کامیاب بنائیں،سرفراز احمد

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمدنے کہا ہے کہ شائقین نے پاکستان سپر لیگ فائنل کو جس طرح کامیاب بنایا اسی طرح ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی 20سیریز کو بھی کامیاب بنائیں۔

نیشنل اسٹیڈیم میں جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میری شائقین سے اپیل ہے کہ وہ اسی طرح بڑی تعداد میں نیشنل اسٹیڈیم آئیں اور پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کریں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان میں ایک طویل عرصے بعد کوئی انٹرنیشنل ٹیم پاکستان آرہی ہے،یہ میرے لئے اور شائقین کرکٹ کے لئے بڑی خوشی کی خبر ہے۔

سرفراز احمد پاکستان میںپہلی مرتبہ قیادت کریں گے اس سوال پر انہوں نے کہا میں یقیناً میں بہت پر جوش ہوں اور میرے لئے یہ بڑا اعزاز ہے کہ میں اپنی سرزمین پر قیادت کی ذمہ داری ادا کروں گا ۔

پاکستانی کپتان نے کہا اس کامیابی کا سہرا میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو دوں گا کیوں کہ ان ہی کی کوشش سے پہلے پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوا اب ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی20سیریز کراچی میں ہو رہی ہے۔

انہوں نے کراچی میں کامیاب فائنل پر کراچی کے عوام کو مبارک بار دی اور پاک فوج ،رینجرز، پولیس ، حکومت سندھ اور پی سی بی کا شکریہ ادا کیا ۔

ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کی تعریف کرتے ہو ئے سرفراز نے کہا کہ ہوم ٹیم کو اپنے تماشائیوں اور میڈیا کے سامنے پریشر میں کھیلنا پڑتا ہے، عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم آسان حریف نہیں ہو گی ،خاص طور پران کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے، انہیں شکست دینا آسان کام نہیں ہوگا۔

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی چھوٹے فارمیٹ کے لئے مشکل اور سخت جان حریف ٹیم ہے،ہم کوشش کریں گے کہ ویسٹ انڈیز کو ہرا کر اپنی عالمی نمبر ایک پوزیشن کو برقرار رکھیں۔

سرفراز احمد نے کراچی کے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ جس طرح انہوں نے پی ایس ایل فائنل کو کامیاب بنایا تھا ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کو بھی کامیاب بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں