شارجہ :کراچی نے اسلام آباد کو 154 رنز کا ہدف دیدیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے 15 ویں میچ میں کراچی کنگزنے اسلام آباد کے لئے 154 رنز کا ہدف سیٹ کیا ہے۔

عماد وسیم الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 153 رنز بنائے، اننگز کی خاص بات خرم منظور 51 اور بابر اعظم 55 رنز کی شاندار بیٹنگ رہی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔

کراچی کنگز کے خرم منظور اور جوڈینلی نے اننگز کا آغاز کیا، اسلام آباد کو پہلی وکٹ 6 کے اسکور پر ملی، محمد سمیع نے جوڈینلی 4 رنز کو شاندار بولڈ کیا۔

کراچی کنگز کے خرم منظور اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ پر 101 رنز کی شراکت قائم کی،اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

اسلام آباد کو دوسری وکٹ 107 کے اسکور پر ملی،41 گیندوں پر 1 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنانے والے خرم منظور کو فہیم اشرف نے پویلین کی راہ دکھائی۔

کراچی کنگز کی تیسری وکٹ 3رنز کے اضافے کے ساتھ ہی گر گئی، اس بار بھی وکٹ فہیم اشرف کے حصے میں آئی، انہوں نے انگرم 1 رنز کو میدان بدر کیا۔

اسلام آباد کو چوتھی اور بڑی وکٹ 118 کے اسکور پر بابر اعظم کی مل گئی،2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنانے والے بیٹسمین کو حسین طلعت نے آصف علی کی مدد سے قابو کیا۔

126 کے اسکور پر روی بھوپارا 6 رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے تو کراچی کنگز نے 5 وکٹ پر 126رنز بنالئے تھے جبکہ اسلام آباد کو چھٹی وکٹ 138 کے اسکور پر کپتان عماد وسیم کی مل گئی، انہیں فہیم اشرف نے شاندار بولڈ کیا،یہ ان کی میچ میں تیسری وکٹ تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے فہیم اشرف کامیاب ترین بائولر رہے، انہوں نے 3 وکٹیں صرف 23 رنز کے عوض حاصل کیں جبکہ حسین طلعت اور محمد سمیع کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ایونٹ کا پہلا میچ ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف گزشتہ میچ کھیلنے والی ٹیم برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے مصباح الحق کپتان،صاحبزادہ فرحان، جین پال ڈومینی، لیوک رونچی، حسین طلعت، شاداب خان، فہیم اشرف، آندرے رسل، محمد سمیع اور سمیت پٹیل میدان میں اترے ہیں۔

کراچی کنگز کپتان عماد وسیم، جوڈینلی، خرم منظور، بابراعظم، روی بھوپارا، کولن انگرام، محمد رضوان، محمد عرفان جونیئر، محمد عامر،عثمان شنواری اور ٹائمل ملز پر مشتمل ہے۔

عماد وسیم الیون اب تک پی ایس ایل کی ناقابل شکست ٹیم ہے جبکہ مصباح الحق الیون نے دو میچز میں کامیابی اور 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں