شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 15 فروری تک ملتوی

سابق وزیر اعظم نوازشریف کےوکلا کی ہڑتال کے باعث احتساب عدالت نےنوازشریف،مریم نواز،کیپٹن صفدرکےخلاف کے خلاف ریفرنسز کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کردی۔

سماعت کے آغاز پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ آج گواہ آئے ہیں جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے جواب دیا کہ سارے گواہان موجود ہیں، وکیل صفائی ہر تاریخ پر کوئی بہانہ بنا دیتے ہیں۔

اس موقع پر مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی وفات پر سوگ کے اعلان کو بہانہ تو نہ کہیں۔

پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ بار بار گواہوں کا آنا مشکل ہوتا ہے، ہر تاریخ پر گواہ اپنا کام چھوڑ کر آتے ہیں۔

فریقین کے دلائل کے بعد سماعت 15 فروری تک کے لئے ملتوی کردی گئی، احتساب عدالت نے استغاثہ کے 4 گواہوں کو آج طلب کیا تھا جن کے بیانات بھی قلمبند نہ ہوسکے۔

آج سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

گزشتہ سماعت پر نواز شریف کی تقریروں اور قوم سے خطاب کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان بار کونسل کی جانب سے عاصمہ جہانگیر کی وفات پر یوم سوگ کا اعلان کے باعث وکلا آج عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں