شریف خاندان کے دن ختم، کوئی نہیں بچاسکتا : عمران خان

لاہور : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نواز شریف پر کڑی تنقید کا ایک اور موقع مل گیا، طاہر القادری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بولے کہ اب لاڈلے کو مسئلہ یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اس کی مدد نہیں کررہی، شہباز شریف کے ڈراموں کا ٹائم ختم ہوگیا، نواز خاندان کے دن گنے جاچکے، انہیں کوئی نہیں بچاسکتا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری سے ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کی۔

عمران خان نے نواز شریف کی تنقید پر ترکی بہ ترکی جواب دیا، تنقید کے ساتھ ماضی کے اسکینڈلز بھی گنوائے، بولے اسٹیبلشمنٹ اب ان کے ساتھ نہیں اس لئے انہیں تکلیف ہو رہی ہے، یہ تحریک نکالیں گے تو انڈے پڑیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا تھا کہ نواز شریف کو تو خود ضیاء الحق کے دور میں چوسنی کے ساتھ پالا گیا، شہباز شریف کے ڈراموں کا وقت ختم ہوگیا، شریف خاندان کے دن گنے جاچکے اب انہیں کوئی نہیں بچاسکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ ملٹری ڈکٹیٹر سے زیادہ خطرناک ہیں، شریف خاندان سیاستدان نہیں مافیا ہے، ان لوگوں نے ماڈل ٹاؤن میں ڈاکٹر طاہر القادری کو سبق سکھانے کیلئے فائرنگ کی، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کو استعفیٰ دینا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں