عائشہ منزل، کراچی: ٹرک نے موٹر سائیکل کو کچل دیا، باپ بیٹی جاں بحق

کراچی کے علاقے عائشہ منزل پر خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل پر سوار باپ بیٹی کو روند ڈالا،دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

جان لیوا حادثہ عائشہ منزل سے کریم آباد جانے والی سڑک پر پیش آیا،پولیس نے حادثے کے ذمے دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

حادثے کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں سڑک کی دائیں طرف، بجری سے بھرے اس تیز رفتار ٹرک کو دیکھا جاسکتا ہے کہ اس کا ڈرائیور نجانے کس حالت میں تھا کہ اسے ساتھ چلتی موٹر سائیکل نظر ہی نہیں آئی، اُسے یہ بھی پتا نہیں چلا کہ موٹر سائیکل کب ٹرک کے نیچے آئی اور کون ٹائروں تلے دب کر جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ حادثے میں 50 سالہ ندیم اور اُن کی 16 سالہ بیٹی عائشہ جاں بحق ہوئی،ندیم بیٹی کو کالج سے گھر لے کر جارہے تھے،جاں بحق باپ بیٹی کا تعلق فیڈرل بی ایریا کے بلاک فور سے تھا۔

حادثے کے بعد لاشیں عباسی شہید منتقل کی گئیں جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں،پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ واٹر پمپ سے لیاقت آباد کے پل تک آئے روز حادثات ہوتے ہیں لیکن ان سے بچاؤ کیلئے ٹریفک پولیس نے تاحال غیرمعمولی اقدامات نہیں کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں