عثمان شنواری نے ٹی ٹوئنٹی کا بدترین ریکارڈحاصل کرلیا

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم سیریز بھی گنوا بیٹھی اور ساتھ ساتھ پاکستانی فاسٹ بولر عثمان شنواری نے بدترین ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔شعیب ملک کی قیادت میں جوہانسبرگ میں کھیلی جارہی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 7رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ یہ میچ پاکستانی فاسٹ بولر عثمان خان شنواری کیلئے ڈراونا خواب ثابت ہوا جن کے ایک اوور میں 29رنز پڑے اور انہوں نے 4اوورز کے اسپیل میں 63 رنز دیے۔ اس اسپیل کے ساتھ ہی عثمان شنواری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جانب سے کسی میچ میں سب سے زیادہ رنز دینے والے بولر بن گئے۔ اس سے قبل یہ “ریکارڈ” فہیم اشرف کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف 4 اوورز کے اسپیل میں 55رنز دئیے تھے۔عثمان شنواری نے جنوبی افریقی اننگز کے 20ویں اوور میں 29رنز دیے اور ساتھ ہی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہنگے ترین اوور کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔ اس سے قبل 2012 ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنگلہ دیشی بولر نے اننگز کے آخری اوور میں 29رنز دئیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں