عراق میں داعش کے خلاف جنگ کے اختتام کا اعلان کردیا گیا

عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے ملک میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ کے اختتام کا اعلان کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے ہفتے کے روز دارالحکومت بغداد میں عراقی نامہ نگاروں اور صحافیوں کی یونین کی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ عراقی سیکورٹی فورس نے شام سے ملنے والی سرحدوں کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اب وہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ کے اختتام کا اعلان کرتے ہیں۔
اس سے قبل عراق کے وزیر اعظم نے اعلان کیا تھا کہ صوبے الانبار میں داعش دہشت گرد گروہ کے آخری ٹھکانے راوہ پر عراقی سیکورٹی فورس کا کنٹرول ہو جانے کے بعد عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی فوجی حیات ختم ہو گئی۔
حیدر العبادی نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے متعلق فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی فلسطین اور بیت المقدس کا تشخص تبدیل نہیں کر سکتا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بدھ کے روز وسیع علاقائی و عالمی مخالفتوں کے باوجود اعلان کیا ہے کہ وہ بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کی حیثیت سے تسلیم کرتے ہیں۔ جس کے بعد مختلف عرب و اسلامی اور غیر اسلامی ملکوں میں امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں