عمران خان ناکامیوں سے بوکھلا گئے،خواجہ آصف

اسلام آباد…سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان ناکامیوں سے بوکھلا گئے۔ ان کی سیاست جھوٹ، ریاکاری اور گالم گلوچ پر مبنی ہے ۔ وزیراعظم کے میانوالی میں خطاب پر ردعمل میں انہوںنے کہا کہ عمران خان شہباز شریف کے خلاف بات کرنے سے پہلے ان کی طرح 3 میٹرو بنا کر دکھائیں ۔ عمران خان بتائیں 50لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں ۔عوام انتظار میں ہیں کہ کب200 ارب ڈالر پاکستان واپس لائیں گے۔ عمران خان ناکامیوں کی وجہ سے ذہنی توازن کھو چکے ۔ حکومت کے 5 ماہ میں مہنگائی دگنی ہوچکی ۔ عمران خان سامنے بیٹھے طلبہ اور طالبات کو بتا ئیں کہ انہوں نے تعلیمی بجٹ میں کتنی کٹوتی کی اور پاکستانی روپے کو بدترین سطح پر پہنچانے میں ان کی نااہلی کا کتنا عمل دخل ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لئے۔ یہ حکومت یومیہ 15ارب روپے کا قرض لے رہی ہے۔ قوم کا ایک کھرب روپیہ برباد کرکے پشاور میٹرو کے کھڈے قوم کو تحفے میں دیئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں