عمران خان کی نیب پر برہمی

اسلام آباد…وزیراعظم عمران خان نے آرکیالوجی اینڈ میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد کی گرفتاری پر نیب پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ ٹوئٹر پر بیان میں انہو ںنے کہا کہ نیب نے جرمنی سے سنسکرت میں پی ایچ ڈی کرنے والی ایشیا کے واحد شخصیت، اسکالر اور آرکیالوجی میں گولڈ میڈلسٹ ڈاکٹر عبدالصمد کو کم گریڈ کے ملازمین کی بھرتی کے معاملے پر احتساب عدالت میں پیش کیا ، جو شرمناک بات ہے۔ انہوںنے چیئرمین نیب سے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دریں اثناءچیئرمین نیب نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل نیب کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر عبدالصمد کو ان پر لگائے گئے الزامات اور ان کے ثبوتوں کے ہمراہ چیئرمین نیب کے سامنے پیش کیا جائے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ نیب، ڈاکٹر عبدالصمد کی قومی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی عزت نفس کو مقدم رکھتے ہوئے آئین و قانون کے مطابق انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ گزشتہ روز نیب نے ڈاکٹر عبدالصمد کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس میں گرفتار ی کے بعد احتساب عدالت میں پیش کیا گیاتھا۔ ڈاکٹر عبدالصمد پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف آثارِ قدیمہ پر گریڈ 4 کے ملازمین کی تعیناتی میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں