عمران خان کی ٹرمپ سے ملاقات کب ہوگی؟

کراچی: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی وجہ سے امریکی صدر ٹرمپ پاکستان سے خوش ہیں۔ ذرائع کے مطابق ”گلف نیوز“ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان افغان امن مذاکرات میں منصفانہ طور پر اور اعلیٰ سطح پر اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ ہمیں مذاکرات کے مثبت نتائج کی امید ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا ٹرمپ پاکستان سے اتنے خوش ہو گئے ہیں کہ انہوں پاکستان کے لیے اپنی پالیسی کا جائزہ لے کر اسے تبدیل کیا ہے ۔ افغانستان میں امن و استحکام صرف امریکا نہیں بلکہ پاکستان کے بھی بہترین مفاد میں ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات سے متعلق بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات افغان امن مذاکرات کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔ ہند سے بات چیت ہم نے فی الحال موخر کردی ہے کیونکہ وہاں کی قیادت سے ہمیں کسی بڑے فیصلے کی امید نہیں۔ ہند میں ہونے والے انتخابات کے بعد نئی حکومت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں