عمران خان کے استاد میجر جیفری ڈگلس کی تدفین

لاہور… ایچی سن کالج میں وزیر اعظم عمران خان کے استاد میجر جیفری ڈگلس کی لاہور کے گورا قبرستان میں تدفین کردی گئی۔میجر جیفری ڈگلس 101 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ تدفین میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر دفاع پرویز خٹک ، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی اور کور کمانڈر سمیت سیاسی شخصیات اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ میجر جیفری ڈگلس کو ستارہ امتیاز، ہلال امتیاز سمیت آڈر آف سینٹ مائیکل اینڈ سینٹ جارج اور آڈر آف برٹش ایمپائر جیسے اعزازات سے نوازا گیا۔ 21 اکتوبر 1917 کو یارکشائر میں پیدا ہوئے ۔ ابتدائی تعلیم کے بعد مقامی اسکول کریڈون میں بطور معلم فرائض انجام دینے لگے۔بعد ازاں 1939 میں برطانوی آرمی میں شمولیت اختیار کی ۔ 1944 میں انڈین آرمی کیلئے رضاکارانہ خدمات پیش کیں۔ قیام پاکستان کے بعد انہیں پاکستان آرمی میں شمولیت کی پیشکش ہوئی جسے انہوں نے اپنی مرضی سے قبول کیا۔ جب فوج سے ریٹائر ہوئے تب وہ میجر کے عہدے پر فائز تھے۔اس وقت کے صدر ایوب خان کی جانب سے انہیں پاکستان میں مستقل سکونت اختیار کرنے کی اجازت ملی۔ 1954 میں ایچی سن کالج میں ملازمت مل گئی۔1979 میں انہیں ایچی سن کالج سے شمالی وزیرستان میں قائم رزمک کیڈٹ کالج میں بطور پرنسپل مقرر کردیا گیا، جہاں انہوں نے 10 برس یعنی 1989 تک فرائض انجام دیئے۔ ایچی سن کالج میں 25سالہ تدریسی ملازمت کے دوران انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار، سابق صدر فاروق احمد لغاری کے علاوہ کئی معروف شخصیات کو تعلیم دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں