عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی ہمارا مشن ہے، ہم نے عوام کی خدمت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں:شہبازشریف

لاہور(سنہرادور): وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی ہمارا مشن ہے۔ ہم نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی خدمت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ نہ تو کبھی عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے ہٹا ہوں اور نہ ہی کبھی ہٹوں گا۔ عوام کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کےلئے اقدامات سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی۔ مسلم لیگ (ن) نے قومی وسائل کا بہتر ین استعمال کر کے مفاد عامہ کے ریکارڈ منصوبے مکمل کئے ہیں اور ہمارے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت خالی نعروں سے نہیں ہوتی، دعوے کرنے والے اور نعرے لگانے والے عوام کی خدمت کے جذبے سے بالکل عاری ہیں۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو اپنے عزائم میں ناکامی ہوئی ہے اور اب عوام ان کا محاسبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین پاکستان کی تیز رفتار ترقی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اپنے صوبوں میں عوام کو نظرانداز کرنے والے اب عوام کا سامنا کرنے سے گھبرا رہے ہیں۔ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں نے عوام کے ساتھ بڑا ظلم کیا ہے۔ دن رات جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کرنے والوں کو شرمندگی اٹھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی کی مخالفت کرنے والوں کو عوام کی نمائندگی کا بھی کوئی حق نہیں اور پاکستان کے باشعور عوام ایسے عناصر کو 2018 کے انتخابات میں میدان سیاست سے باہر کردیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کی لوٹ مار سے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا اور قوم کو کنگال کیا۔ سر سے پاﺅں تک کرپشن میں ڈوبے ہوﺅں کے منہ سے کرپشن کا حساب مانگنے کی باتیں عجیب لگتی ہیں۔ان کی کرپشن کے چرچے زبان زد عام ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سابق حکمرانوں کی کرپشن کے قبرستان کو ترقی کے میناروں میں بدلا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچا کر ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کی گئی ہے۔ صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے شاندار اقدمات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ تعلیم، صحت ، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کےلئے لا تعداد اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنایا ہے اور ہمارے ترقیاتی منصوبے معیار اور شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے۔ گزشتہ ساڑھے چار سالوں سے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں اور خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں