غزہ :اسرائیلی فائرنگ سے شہید افراد کی تعداد 17ہوگئی

غزہ اسرائیل سرحد پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 17تک پہنچ گئی ہے۔

غزہ حکام کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی فورسز اور فلسطینی مظاہرین کے مابین ہونے والی تازہ جھڑپوں کے نتیجے میں زخمی افراد کی تعداد بھی 12سو سے زائد ہے۔

یوم الارض کے موقع پر غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر شروع ہونے والے یہ مظاہرے شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔

یہ مظاہرین فلسطینی مقبوضہ علاقوں سے ڈر کے مارے یا بزور طاقت ہجرت کرانے والے فلسطینیوں کی واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ان مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فورسز نے ڈورن طیاروں کی مدد سے آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔

فلسطینی حکام کے مطابق ان مظاہروں میں ہزاروں افراد شریک ہیں جبکہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز طاقت کا استعمال کر رہی ہیں۔

اسرائیلی فورسز کے مطابق مظاہرین کی طرف سے پتھراؤ اور فائر بم پھینکنے کے بعد یہ جھڑپیں شروع ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں