’’غیر قانونی اسلحہ پاکستان میں بھی موجود ہے‘‘

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ پاکستان میں بھی موجود ہے، وزیراعظم عمران خان کراچی آ رہے ہیں، ان سے اس اسلحے سے متعلق بات ہوگی۔

نیوزی لینڈ کی مسجد میں دہشت گرد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانی سید اریب احمد کی میت کراچی میں ان کے ورثاء کے حوالے کرنے کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اریب کے والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اریب کی فیملی کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے، وزیراعظم نیوزی لینڈ نے اپنے رویے سے عالم اسلام کا دل جیت لیا۔

عمران اسماعیل نے کہا اس واقعے کو دہشت گردی کے علاوہ کوئی نام نہیں دینا چاہیے،دنیا میں اسلام کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے۔

گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ اسلام ہمیں مل جل کر رہنے کی تعلیم دیتا ہے، ہمیں اس پیغام کو دنیا تک پہنچانا ہے، دہشت گردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا۔

اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اریب ماں باپ کا ایک ہی بیٹا تھا، پاکستان کو بھی اسلحہ سازی قانون پر نظر ثانی کرنی چاہیئے، وزیراعظم نیوزی لینڈ کے رویے کی مثال نہیں ملتی۔

شہید اریب کی میت غیر ملکی پرواز ای کے 600سے کراچی لائی گئی، پاکستانی سفارت خانے کا نمائندہ اریب کی میت لے کر کراچی پہنچا ،ایئر پورٹ پر اریب کے والد نے میت وصول کی۔

شہید اریب کی نمازجنازہ فیڈرل بی ایریا سنگم گراؤنڈ میں سہ پہر 3 بجے ادا کی جائے گی جبکہ تدفین سخی حسن قبرستان میں کی ہوگی ۔

اریب چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور والدین کے اکلوتے بیٹے تھے جبکہ ان کی ایک چھوٹی بہن بھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں