فائنل: پشاور زلمی کی 9 وکٹیں 146 رنز پر گر گئیں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) تھری کے فائنل میں پشاور زلمی نے 18 ویں اوور میں 9 وکٹوں پر 146رنز بنالئے ہیں۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی فائنل میں پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایونٹ کے ٹاپ اسکور کامران اکمل اور آندرے فلیچر کو اننگز اوپن کرنے کے لئے بھیجا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے جین پال ڈومینی نے پہلا اوور ہی سمیت پٹیل کے حوالے کیا، جنہوں نے پہلے اوور میں صرف ایک رنز دیا، دوسرے اوور میں محمد سمیع نے بھی نپی تلی گیند بازی کی اور صرف ایک ہی رنز بننے دیا۔

تیسرے اوور میں سمت پٹیل کی ابتدائی تین گیندوں پر فلیچر نے 2 چوکوں کی مدد سے 9رنز سمیٹے اور کامران اکمل کو بیٹنگ کا موقع دیا، جو بڑی شارٹ کھیلنے کے چکر میں ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، یوں صرف 10 کے مجموعی اسکور پر پشاور زلمی کا ٹاپ اسکور میدان چھوڑ گیا۔

محمد سمیع کے دوسرے اوور میں پشاور زلمی کے محمد حفیظ اور آندرے فلیچر نے 13رنز بٹورے اور ٹیم کا اسکور 1 وکٹ پر 26رنز تک پہنچادیا۔

اس بار پھر سمیت پٹیل نے اسلام آباد کو اہم ترین وکٹ دلوائی، انہوں نے 1 چھکے کی مدد سے 8 رنز بنانے والے محمد حفیظ کا اپنی ہی گیند پر کیچ لیا،یوں 26 کے اسکور پر پشاور کو دوسرا بڑا جھٹکا لگا۔

شاداب خان نے چھٹے اوور کی آخری گیند پر 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنانے والے پشاور زلمی کے دوسرے اوپنر آندرے فلیچر کو بھی میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا تو 38 کے اسکور پر ڈیرن سیمی الیون اپنی 3 اہم وکٹیں کھوچکی تھی۔

چوتھی وکٹ پر ڈائوسن اور جورڈن نے 54رنز کی شراکت قائم کی، دونوں کھلاڑیوں نے کئی خوبصورت اسٹروکس کھیلے اور اسلام آباد کے حسین طلعت نے ڈومینی کی مدد سے 90 کے اسکور پر جورڈن کو میدان بدر کیا۔

جوڈرن نے 26گیندوں پر 36رنز کی اننگز کھیلی ،اس دوران 3چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا۔

اسلام آباد کے حسین طلعت نے سعد نسیم 2 رنز کو اپنا دوسرا شکار بنایا،یوں پشاور زلمی کی آدھی ٹیم 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر پویلین لوٹ گئی۔

اسلام آباد کے شاداب خان نے 111 کے مجموعی اسکور پر دو لگاتار گیندوں پر ڈیرن سیمی اور عمید آصف کو میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا اور پشاور کی بیٹنگ لائن کو ایک بار پھر مشکلات کا شکار کردیا۔

پشاور زلمی کی 8ویں وکٹ 117 کے اسکور پر گر گئی،1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 33 رنز بنانے ڈائوسن کو محمد سمیع نے شاندار بولڈ آئوٹ کیا اور میچ میں اپنی دوسری وکٹ پکی کرلی۔

121 کے اسکور پر حسن علی 1چوکے کی مدد سے 6رنز ہی بناسکے تھے انہیں فہیم اشرف نے والٹن کی مدد سے قابو کرلیا ،یہ ان کی ایونٹ میں 18ویں وکٹ تھی۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے جے پی ڈومینی ٹاس کے لئے میدان میں اترے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ایونٹ میں یہ تیسرا میچ ہے، اس سے قبل ہونے والے دونوں مقابلوں میں ایک میں پشاور زلمی اور ایک میں اسلام آباد یونائیٹڈ فاتح رہی۔

گروپ میچ نمبر 4 میں پشاور زلمی نے اسلام آبادیونائیٹڈ کو 34 رنز سے شکست دی تو گروپ میچ نمبر 21 میں مصباح الحق الیون نے ڈیرن سیمی کی ٹیم کو 26 رنز سے مات دی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق کے بجائے جین پال ڈومینی کررہے ہیں جبکہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے،ایلکس ہیلزکی جگہ چیڈوک والٹن کو فائنل الیون کا حصہ ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں فہیم اشرف،لیوک رونکی،آصف علی، صاحبزادہ فرحان،سمیت پٹیل، محمد سمیع، عماد بٹ، شاداب خان اور حسین طلعت شامل ہیں۔

چیمپئن پشاور زلمی کپتان ڈیرن سیمی کی قیادت میں آندرے فلیچر، محمد حفیظ،ڈائوسن، جورڈن، حسن علی، وہاب ریاض، عمید آصف، ثمین گل، کامران اکمل اور سعد نسیم میدان میں اتریں گے۔

پی ایس ایل ون کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ اور پی ایس ایل ٹو کی چیمپئن پشاور زلمی کا فائنل میں یہ پہلا مقابلہ ہے، اس سے قبل دونوں ٹیموں نے فائنل میں کامیابی کا تاج کوئٹہ کو شکست دے کر اپنے سر پر سجایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں