فرانسیسی سفارتخانے، آرمی ہیڈ کوارٹر پر حملے، 30ہلاک

برکینا فاسو : افریقی ملک برکینا فاسو میں دہشت گردوں نے فرانسیسی سفارت خانے اور آرمی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کرکے تیس افراد کو ہلاک کردیا۔ حملے میں اسی سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق افریقی ملک برکینا فاسو کی حکومت اور فرانس نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح گروپ کی جانب سے دارالحکومت اوگا ڈوگو میں واقع فرانس کے سفارت خانے اور فوج کے ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کیا گیا ہے۔


حملے میں آٹھ حملہ آوروں سمیت30افراد مارے گئے۔


فرانس کے وزیر خارجہ جین یس لی ڈرین کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس کے سفارت خانے، ثقافتی مرکز اور فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنے والے آٹھوںشدت پسندوں کو جوابی کارروائی میں ہلاک کردیا گیا، فرانسیسی سفارت خانے اور ثقافتی مرکز پر صورت حال قابو میں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر برکینا فاسو کے فوجی تھے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں85سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فرانس کے وزیر خارجہ جین یس لی ڈرین نے سفارتخانے پر حملے کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ تاحال حملے میں کسی فرانسیسی شہری کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔


انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس حوالے سے فرانس کے صدرایمینویل میکرون کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں